سابق بھارتی کرکٹر،صحافی بھی بابراعظم کے مداح ہوگئے

Babar-Azam-confident-of-Pakistanu2019s-revival-in-T20I-format.jpg

آکاش چوپڑا نے پاکستانی کپتان کی کور ڈرائیو کی تعریفوں کے پل باندھے
ممبئی(آئی این پی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)5میں کراچی کنگز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنیوالے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی دنیا بھر میں تعریف ہورہی ہے اور اب ان کی تعریف کرنے والوں میں سابق بھارتی کرکٹر اور صحافی بھی شامل ہوگئے ہیں۔ معروف بھارتی سپورٹس صحافی وکرانت گپتا نے اپنے ٹویٹ میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے ہدف کے تعاقب میں بھی بابراعظم نے آرام سے بلے بازی کی جو ان کی کامیابی کا راز ہے۔سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بابراعظم کی کور ڈرائیو کی تعریفوں کے پل باندھے ۔آکاش چوپڑا نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ کراچی کنگز کی اس کامیابی پر ڈین جونز خوشی سے نہال ہوںگے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اب تک پانچ ایڈیشنز میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 اور 2018 میں ٹائٹل جیتا جب کہ پشاور زلمی نے 2017 اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں ٹرافی اپنے نام کی رواں سال فروری ،مارچ میں کھیلے گئے پی ایس ایل 5 کے پلے آف مرحلے کے میچز کورونا وائرس وبا کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے اور اب ملتوی میچز کراچی میں دوبارہ کروائے جانے کے بعد چیمپئن کراچی کنگز کو ٹرافی کے ساتھ ساتھ 5لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی ملی ہے جب کہ لاہور قلندرز کو 2لاکھ ڈالر کی انعامی رقم کے چیک پر اکتفاکرنا پڑا۔

شیئر کریں

Top