اینٹی کرپشن مہم نتیجہ خیز بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا گیا: وزیر اعلیٰ

usman-buzdar.jpg

27ماہ میں 2ارب 30کروڑ کی ریکوری ہوئی،27ماہ کے دوران 181ارب سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کرائی
قبضہ مافیا کی سر پرستی میں سیاسی اور بااثر افراد شامل تھے، حاصل کردہ تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے، پریس کانفرنس
لاہور(آئی این پی)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن مہم نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے، بڑے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے اور گزشتہ 2برس کے دوران 51ہزار 50شکایت موصول ہوئی ہیں،ہمارے 27ماہ کے دوران ملزمان سے ریکوری کی شرح 532فیصد زائد رہی ،گزشتہ 10 برس کے دوران 43کروڑ، محض 27ماہ میں 2ارب 30کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی، 27ماہ کے دوران 181ارب سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کرائی ، قبضہ مافیا کی سر پرستی میں سیاسی اور بااثر افراد شامل تھے، حاصل کردہ تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے۔وہ جمعرات کو وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارے ناقدین جو کہتے ہیں کہ تبدیلی نہیں، میں انہیں کہتا ہوں کہ پنجاب بدل کر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے 11 ہزار سے زائد شکایتوں کے خلاف انکوائریز کا آغاز کیا گیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران اینٹی کرپشن انکوائریز کی مد میں 3ہزار 185کیسز درج کیے گئے۔وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے 3 ہزار 904 ملزمان کو گرفتار کیا،ہمارے 27ماہ کے دوران ملزمان سے ریکوری کی شرح 532فیصد زائد رہی ہے۔ گزشتہ 10 برس کے دوران 43 کروڑ روپے جبکہ محض 27 ماہ میں 2 ارب 30 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی۔عثمان بزدار نے بتایا کہ سرکاری زمین واگزار کرنے کی شرح گزشتہ 10 برس کے مقابلے میں 6 ہزار 172 فیصد زیادہ رہی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران 2 ارب 65 کروڑ روپے جبکہ ہمارے 27 ماہ کے دور میں 181 ارب روپے سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔عثمان بزدار نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے حوالے سے کہا کہ قبضہ مافیا کی سر پرستی میں سیاسی اور بااثر افراد شامل تھے، حاصل کردہ تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اینٹی کرپشن کی مہم پہلے سے زیادہ زور و شور سے جاری رہے گی۔اس موقع پر مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ صوبے ایک ادارے میں سے سیاسی اثر و رسوخ ختم کرنے سے نتائج ہمارے سامنے ہیں اور اس میں کوئی سیاسی بیانیہ نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ

شیئر کریں

Top