ایک دن اعلان ہو گا کہ مولوی خادم مر گیا، خادم رضوی کا بیان وائرل

swarajya_2020-11_dc3b7073-71f5-4a30-ba54-f318b5c8c161_khadim_3_750x430.jpg

دو ہی باتیں ہیں یا تو لوگ کہیں گے یہ اچھا بندہ تھا یا یہ برا بندہ تھا، آخری تقریر
لاہور (آئی این پی )گزشتہ شب دنیائے فانی سے کوچ کرنے والے تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کا اپنی موت سے متعلق ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی کے سربراہ خادم حسین رضوی کے اچانک انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خادم حسین رضوی اپنی موت کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔ویڈیو میں خادم حسین رضوی نے کہا کہ ‘ایک دن اعلان ہو گا کہ مولوی خادم مر گیا، تو دو ہی باتیں ہیں یا تو لوگ کہیں گے یہ اچھا بندہ تھا یا یہ برا بندہ تھا، درمیان میں تو کچھ نہیں ہو سکتا کہ سر اچھا ہو اور ٹانگیں بری ہوں۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں خادم حسین رضوی نے کہا کہ ‘کسی کے بارے میں دو ہی باتیں ہیں یا تو وہ اچھا یا برا ہے، آپ کہہ دیں گے کہ ٹھیک تھا مگر بہت سخت تھا، بچو آج ہمارے ساتھ کھڑے ہو جا، بعد میں میرے جیسا بھی نہیں ملے گا۔واضح رہے کہ خادم حسین رضوی کا تعلق ضلع اٹک سے تھا، وہ 22 جون 1966 کو نکہ توت میں پیدا ہوئے۔خادم حسین رضوی نے جہلم ودینہ کے مدارس دینیہ سے حفظ و تجویدکی تعلیم حاصل کی اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سے درس نظامی کی تکمیل کی۔خادم حسین رضوی نے گزشتہ دنوں فیض آباد میں ہونے والے ٹی ایل پی کے دھرنے کی بھی قیادت کی تھی اور اسی دوران انہیں بخار ہوا تھا۔طبیعت بگڑنے پر خادم حسین رضوی کو شیخ زاید اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔
خادم رضوی

شیئر کریں

Top