زائرہ وسیم کی فین پیجز سے اپنی تصاویر ہٹانے کی درخواست

l158_14541591086674.jpg

ممبئی (آئی این پی) گزشتہ سال اسلام کی خاطر فلمی دنیا کو خیرباد کہنے والی زائرہ وسیم نے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے فین پیچز سے ان کی تمام تصویریں ہٹا دی جائیں۔اس حوالے سے زائرہ وسیم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے چاہنے والوں کے لیے خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے، انہوں نے امریکی سیاستدان کی ایک میم شیئر کی ہے جس پر لکھا ہے کہ پیارے شائقین، میں ایک بار پھر آپ سے اپنا پیغام پڑھنے کو کہہ رہی ہوں۔ میم شیئر کرنے کے بعد زائرہ وسیم نے مداحوں کے لیے اپنے خصوصی پیغام کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جو مجھ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں کیونکہ میرے لیے آپ سب کی محبت عارضی نہیں ہے۔
زائرہ وسیم نے کہا کہ میں اس بات کے لیے بھی آپ سب کی شکر گزار ہوں کہ آپ نے میرے ہر فیصلے میں مجھے سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کی محبت اور پیار کو مدِنظر رکھتے ہوئے آپ سے ایک درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ مہربانی کر کے میرے تمام فین پیجز سے میری تصویریں ہٹا دیں۔ سابقہ اداکارہ نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ انٹرنیٹ سے میری تصویریں ہٹانا مشکل کام ہے لیکن میری درخواست پر آپ فین پیجز سے تو تصویریں ہٹا ہی سکتے ہیں۔ زائرہ وسیم نے کہا کہ جس طرح آپ نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے مہربانی کر کے اس فیصلے میں میرا ساتھ دیں اور میری تمام تصویریں ڈیلیٹ کر دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی زندگی میں ایک نیا باب شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہوں اور میں چاہتی ہوں کہ آپ اس میں میرے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ سابقہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے سفر کا ایک حصہ بننے کے لیے آپ کا شکریہ، اللہ آپ کو اجر عظیم عطا کرے آمین۔ زائرہ وسیم نے اس پیغام کے ساتھ ایک چھوٹا سا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے جس پر لکھا تھا پلیز یعنی وہ اپنے مداحوں سے ان کی بات پر عمل کرنے کی درخواست کر رہی ہیں۔ سابقہ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ میں نے یہ پیغام پہلے بھی جاری کیا تھا اگر آپ نے پہلے یہ پیغام نہیں پڑھا تھا تو اس بار ضرور پڑھیں۔

شیئر کریں

Top