نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ لندن میں انتقال کر گئیں

29-2.jpg

شمیم اختر کی عمر93سے 94سال کے قریب تھی،گزشتہ ہفتے سے انکی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی تھی ، اتوار کو وہ گھر میں ہی تھیں
صدرمملکت ، وزیراعظم ، آرمی چیف ، اسپیکر قومی اسمبلی،چیئرمین سینیٹ ، آصف زرداری، بلاول بھٹو سمیت سیاسی رہنماؤں کااظہارافسوس
لندن /اسلام آباد( آئی این پی)سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئیں،وہ کافی عرصے سے علیل تھیں،انکی عمر93سے 94سال کے قریب تھی۔ صدرمملکت ، وزیراعظم ، آرمی چیف ، اسپیکر قومی اسمبلی ، چیئرمین سینیٹ ، سابق صدر آصف زرداری ، بلاول بھٹو اور سینیٹر سراج الحق سمیت کئی دیگرسیاسی رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئیں،وہ کافی عرصے سے علیل تھیں۔اس حوالے سے مسلم لیگ (ن)کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کی جانب سے ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کی گئی کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ انتقال کرگئیں۔دوسری جانب شمیم اختر کی موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم مسلم لیگ (ن)کے پارٹی ذارائع نے بتایا کہ وہ کافی مہینوں سے علیل تھیں۔مسلم لیگ (ن)کی رکن صوبائی اسمبلی عظمی بخاری نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے سے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی تھی تاہم اتوار کو وہ گھر میں ہی تھیں۔عظمی بخاری کے مطابق نواز اور شہباز شریف کی والدہ کی عمر 93سے 94سال کے قریب تھی۔ 15فروری 2020کو برطانیہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی ہارٹ سرجری کے پیش نظر ان کی والدہ شمیم بی بی بیٹے سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوئی تھیں۔ پاکستان سے لندن آنے کے کچھ عرصے بعد سے ان کی حالت بہتر نہیں تھی۔اس حوالے سے خاندانی ذرائع نے بتایا نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی تدفین کے حوالے سے ابھی فیصلہ کیا جارہا ہے اور اگر انہیں لندن میں دفنایا جاتا ہے تو شہباز شریف اور مریم نواز کی روانگی کے لیے حکومت سے درخواست کی جائے گی۔دوسری جانب صدر ، وزیراعظم ، آرمی چیف ، اسپیکر قومی اسمبلی ، چیئرمین سینیٹ ، سابق صدر آصف زرداری ، بلاول بھٹو اور سینیٹر سراج الحق سمیت کئی دیگرسیاسی رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے دلی ہمدردری کا اظہار کیا ، وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوازشریف،شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے ۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بھی سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی میاں محمد شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے میاں محمد نوازشریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میاں محمد نواز شریف سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی والدہ کے انتقال پر دلی ہمدردی و افسوس کا اظہار کیا ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے شہباز شریف اور مریم نواز سے بھی اپنی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا ، بلاول بھٹو نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں،دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے،سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی میان نواز شریف اور میاں شہباز شریف سے اظہار تعزیت کیا ، آصف زرداری نے کہا کہ والدہ کے انتقال سے اولاد بے مثال نعمت سے محروم ہو جاتی ہے ، آصف زرداری کی مرحومہ شمیم اختر کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا بھی کی، آصف زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ والدہ کے انتقال پر میاں شہبا ز شریف کو پیرول پر رہا کیا جائے، دکھ کی ان گھڑیوں میں شہباز شریف کی پیرول پر رہائی ضروری ہے ،پیپلز پارٹی کے رہنماء نیر بخاری نے میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کیلئے والدہ کا انتقال ناقابل برداشت صدمہ ہوتا ہے، پیپلز پارٹی آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی میاں نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا کہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر بہت افسوس اور دکھ ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کی والدہ محترمہ کی وفات کا سن کر افسوس ہوا، کچھ ہی دن پہلے میں خود اس سانحے سے گزرا ہوں۔ ماں کا اس جہاں میں کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، اور جملہ لواحقین کو صبرجمیل سے نوازے۔
انتقال

شیئر کریں

Top