پاکستان کی معیشت کو بہتری کے لیے مزید وقت چاہیے:معاون خصوصی ریونیو

725481_8894218_Dr-Waqar-Masood-appointed_akhbar.jpg

پاکستان کی معیشت نے ابھی پھلنا پھولنا شروع کیا ہے،آئی ایم ایف کا جائزہ مشن جلد پاکستان آئیگا،ڈاکٹر وقار مسعود
پاکستان کی معیشت سالانہ 13 ہزار ارب روپے ٹیکس ادا کرسکتی ہے، اس میں بہتری لائی جائیگی، نجی ٹی وی سے بات چیت
اسلام آ باد(آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نے ابھی پھلنا پھولنا شروع کیا ہے اور معیشت کو بہتری کے لیے مزید وقت چاہیے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا آئی ایم ایف کو بتا دیا ہے کہ ہمیں پروگرام کی ضرورت ہے اور کورونا کی وجہ سے ہماری مجبوریوں کو سمجھا جائے لہٰذا آئی ایم ایف کا جائزہ مشن جلد پاکستان آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ طے ہونا باقی ہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان کا دورہ کریگا یا ورچوئل جائزہ لے گا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت نے ابھی پھلنا پھولنا شروع کیا ہے اور معیشت کو بہتری کے لیے مزید وقت چاہیے، پاکستان کی معیشت سالانہ 13 ہزار ارب روپے ٹیکس ادا کرسکتی ہے لیکن ہم کہتے ہیں کہ سالانہ 9 ہزار ارب روپے ٹیکس ہی ادا کردیں تو بھی بہتری ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آرمیں اصلاحات کے عمل کو مکمل کرنا پہلی ترجیح ہے جب کہ ہر قسم کی خرید و فروخت کی معلومات ٹیکنالوجی کی مدد سے ایف بی آرکو مل گئی ہیں۔ ڈاکٹر وقار مسعود کا کہنا تھا کہ مجھے میرے تجربے کی بنیاد پر حکومت نے اس عہدے پر تعینات کیا ہے، میں کسی عہدے کا خواہشمند نہیں لیکن کچھ دوستوں کے اصرار پرعہدہ قبول کیا۔
معاون خصوصی

شیئر کریں

Top