عوام کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے فیصلہ کن جدوجہد شروع ہو چکی : آصف زرداری

download-2020-10-05T184954.524.jpg

سلیکٹڈ حکومت نے سرکاری ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، سیاسی آزادیاں سلب کر دی گئی ہیں
پارلیمنٹ کو کمزور کرنے اور آئین کو مسخ کرنے کی ہر کوشش کی مذاحمت کی جائے گی،پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر پیغام
کراچی(آئی این پی)سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی کے اصول پر کسی قیمت سودا بازی نہیں کریں گے، عوام کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے فیصلہ کن جدوجہد شروع ہو چکی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے پر ثابت قدم ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ پیپلزپارٹی کے جیالوں نے پھانسیاں قبول کی، کوڑے برداشت کئے اور قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اسلام ہمارا دین ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے ، سوشلزم ہماری معیشت ہے، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور شہادت ہماری منزل ہے کے منشور پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس سوچ کی مذاحمت کرتی رہے گی جو سوچ طاقت کے زور پر اپنی سوچ عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اس لئے جب بھی اقتدار میں آتی ہے تو عوام کی فلاح و بہبود ، صحت اور روزگار اور تعلیم پر توجہ دیتی ہے۔ موجودہ سلیکٹڈ حکومت نے سرکاری ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور یہ ساز ش بھی کر رہی ہے کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن پر ڈاکہ ڈالیں۔ انہوںنے کہا کہ سیاسی آزادیاں سلب کر دی گئی ہیں، پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کی مشق کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ آئین کو مسخ کرنے کی ہر کوشش کی مذاحمت کی جائے گی۔ آصف علی زرداری نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں اور ان کے سفیر بن کر عوام تک ان کا پیغام پہنچائیں۔
آصف زرداری

شیئر کریں

Top