کورونا ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکر زکودی جائیگی: معاون خصوصی صحت

Zafar-mirza.jpg

سال 2021کی پہلی سہ ماہی میں کورونا ویکسین دستیاب ہو سکے گی ، ویکسین کے کارآمد ہونے اور اس سے منسلک دیگر معاملات بھی دیکھنے ہونگے
19 کیسز مثبت آنے کی شرح 7فیصد ہے، زیادہ تر مختلف بیماریوں کا شکار افراد، 55 سال سے زائد عمر کے افراد اس وائرس کا نشانہ بنتے ہیں
پشاور(آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے یہ وبا کے خلاف محاذ پر صف اول میں کام کرنے والے ورکرز کو فراہم کی جائے گی۔اتوار کوملک میں آئندہ روز سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے پشاور کے دورے پر موجود معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کورونا وائرس کا پھیلا روکنے کے لیے تشکیل دیے گئے ایس او پیز کے تحت چلائی جائے گی۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر اراکین اسمبلی نے شرکت کی جس میں پولیو مہم کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔اجلاس میں انسداد پولیو مہم میں نئی جدت لانے کا عزم کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت، منتخب نمائندے، انتظامی افسران سمیت تمام شعبہ جات مل کر ملک سے پولیو کا خاتمہ کریں گے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اگر اسی کوشش اور جذبے کے ساتھ پولیو مہم جاری رکھیں تو ممکنہ طور پر 2021 وہ سال ہوگا کہ جب ہم کہہ سکیں گے کہ ہم نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے آخری قدم اٹھا لیا ہے۔کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ سال 2021کی پہلی سہ ماہی میں کورونا ویکسین دستیاب ہو سکے گی تاہم ویکسین کے کارآمد ہونے اور اس سے منسلک دیگر معاملات بھی دیکھنے ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ کووِڈ 19 کیسز مثبت آنے کی شرح فی الوقت 7فیصد ہے، زیادہ تر مختلف بیماریوں کا شکار افراد، 55 سال سے زائد عمر کے افراد اس وائرس کا نشانہ بنتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ وائرس کی تبدیلی کا عمل قدرتی ہے، تبدیلی سے وائرس کے طاقت میں اضافہ یا کمی ایک الگ تفصیل ہے۔عالمی وبا کی دوسری لہر اس وجہ سے آئی کہ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کر دیا گیا تھا۔معاون خصوصی نے بتایا کہ کورونا ویکسین کے حصول کے لیے 15 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں اور اب اس رقم کی منظوری لی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں انسداد کورونا ویکسین فرنٹ لائن ورکرز کو فراہم کی جائے گی، ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیماری کے پھیلا کی وجہ سے ہوم لرننگ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
فیصل سلطان

شیئر کریں

Top