سرکاری وسائل بے دریغ استعمال کی حوصلہ شکنی ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل آن لائن تاکہ شفافیت یقینی ہو: وزیر اعلیٰ

g13.jpg

کورونا وائرس کی دوسری لہرزیادہ خطرناک ثابت ہورہی ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں،سپیشل پروٹیکشن یونٹ ملازمین کو تنخواہ جلد ادا کر دی جائیگی
بھاری کرایوں کی عمارتوں میں سرکاری دفاتر کے کلچر کو ختم کر نے کیلئے سینٹرل سیکرٹریٹ کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے گا،پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے، خطاب
گلگت(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کر نے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی ،ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے تفصیل آن لائن کی جائیگی ، ریسکیو1122 کو تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی اورادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے کورونا وائرس کی دوسری لہرزیادہ خطرناک ثابت ہورہی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کریں گے وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ سینٹرل جیل مناور کی توسیع کا کام جلد مکمل کیا جائے اور جیل میں بحالی مرکزبھی قائم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی سیکرٹری داخلہ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان اور خصوصاً گلگت بلتستان کی خوشحالی کیلئے انتہائی اہم منصوبہ ہے متاثرین ڈیم کے جائز مطالبات میرٹ پر حل کئے جائیں گے گلگت بلتستان میں سیاحت اور معدنیات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت ان اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے سیاحت اور معدنیات کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے صوبے میں آئی ٹی بورڈ کا قیام عمل میں لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے صوبائی حکومت میرٹ کی بالادستی یقینی بنائے گی تمام اخراجات اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات آن لائن کرکے عوام تک رسائی کو ممکن بنایاجائیگا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تمام اداروں میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائے گی۔ سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کی حوصلہ شکنی کی جائے گی سرکاری ملازمین کے رہائش کیلئے ملٹی سٹوری بلڈنگ کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے جائیں گے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ ایم پی ایز ہاسٹل کی زیر تعمیر عمارت کا کام جلد مکمل کیاجائے سینٹرل سیکرٹریٹ کمپلیکس کی تعمیر کو بھی جلد مکمل کیا جائے تاکہ بھاری کرایوں کے عمارتوں میں سرکاری دفاتر کے کلچر کو ختم کیا جاسکے۔ گلگت بلتستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے احساس پروگرام کے تحت اب تک 25 ہزار خاندانوں کو رقم فراہم کی گئی تحریک انصاف کی حکومت نادار اور مستحق افراد کی مدد کیلئے احساس پروگرام کو گلگت بلتستان میں مزید وسعت دے گی۔
وزیر اعلیٰ

شیئر کریں

Top