حکومت ٹھیک اور باہمت ہو تو آخرکار کامیاب ہو جاتی ہے: اسد عمر

694838_9490774_Asad-Umar_updates.jpg

بگڑے نظام سے مستفید ہونے والے طاقتور ہوں تو مزاحمت زیادہ ہوتی ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی
نئی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے سے ملکی توانائی کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے گا، اس مقصد کیلئے پالیسی فریم ورک تیار کیا جارہا ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اگر بگڑے نظام سے مستفید ہونے والے طاقتور ہوں تو مزاحمت زیادہ ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ ایک ماہ میں ملک میں چینی کی اوسط قیمت اکتیس روپیہ فی کلو کم ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اپوزیشن کا نام لئے بغیر کہا کہ بگڑا نظام بدلنے کی کوشش ہو تو نظام سے مستفید ہونے والے مزاحمت کرتے ہیں اور اگر بگڑے نظام سے مستفید ہونے والے طاقتور ہوں تو مزاحمت زیادہ ہوتی ہے مگر حکومت نیک نیت اور باہمت ہوتو آخرکار وہ کامیاب ہوتی ہے۔ اس سے قبل اپنے ایک اور ٹوئٹ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مختلف کمپنیوں سے کوئلے سے گیس، مائع گیس منصوبوں پر میٹنگ ہوئی، نئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے مقامی توانائی کے وسیع ذخائر کے راستے کھل جائینگے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ نئی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے سے ملکی توانائی کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے گا، اس مقصد کے لئے پالیسی فریم ورک تیار کیا جارہا ہے۔
اسد عمر

شیئر کریں

Top