آصف زرداری نے تقریر میں پی ڈی ایم کا نظریہ ملیا میٹ کردیا:فردوس عاشق

2201856-firdousashiqawanx-1587287180.jpg


(ن) لیگی خواتین کارکنان کنیزوں کی خدمت کے بجائے خود لیڈر بنیں، فضل الرحمن سیاست میں گڈا گڈی کھیل رہے ہیں
لاڑکانہ میں شیر کے شکاری کے نغمے زرداری کی تقریر کی عکاسی تھے اب 11جماعتوں کا ٹولہ نو دو گیارہ ہو گیا ہے
لاہور( آئی این پی) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 11 جماعتوں کا ٹولہ اپنے مقاصدمیں ناکام ہو گا ،سیاسی کنیزوں نے موروثی سیاست کیلئے جدوجہد شروع کی ہے او ران جماعتوں میں ایک عام کارکن کو جگہ نہیں ملتی کہ وہ آگے آئے ، ن لیگی خواتین کارکنان کنیزوں کی خدمت کے بجائے خود لیڈر بنیں، منگل کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فردوس عاشق اعوان نے کہا کہہم کسی جماعت کے دشمن نہیں ہیں ہم نظام بدلنے کے حامی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمن 2سو مولویوں کو لیکر سیاست میں گڈا گڈی کھیل رہے ہیں جبکہ لاڑکانہ میں آصف زرداری نے تقریر میں پی ڈی ایم کانظریہ ملیامیٹ کر دیا ۔ شیر کے شکاری کے نغمے زرداری کی تقریر کی عکاسی تھے اب 11جماعتوں کا ٹولہ نو دو گیارہ ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ورکر کو ڈکٹیشن یا ٹیوشن لینے کی ضرورت نہیں ہوتی جبکہ آصف علی زرداری کی تقریر نے ن لیگی کارکنوں کے سینے چھلنی کر دیئے ۔ اب مریم نواز تین میں ہیں نہ تیرہ میں ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دو استعفے پارلیمنٹ میں پہنچنے پر اپوزیشن میں انتشار پھیل گیا ا ور مبارک خوشبو میں پی ڈی ایم کا بدبودار بیانیہ اپنی موت آپ مر جائے گا ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سیاست میں خواتین کا احترام کرتے ہیں اور ان کی20 سالہ جدوجہد جمہوری اصولوں کی پاسداری کیلئے گزری ہے جبکہ مریم نواز اداروں کو متازع بنا رہی ہیں اور ملک میں انتشار پھیلانا انکا مقصد ہے ، وہ کہتی ہیں کہ استعفیٰ پی ڈی ایم دے رہی ہے جبکہ سپیکر آواز لگا رہے ہیں کہ استعفیٰ لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے کیلئے جرأت اور ہمت چاہئے لیکن پی ڈی ایم میں استعفیٰ دینے کی ہمت نہیں ہے جبکہ پی ڈی ایم کو ناکام بنانا عوام کے مفاد میں ہے کیونکہ اپوزیشن اپنے کرپشن کو بچانے کیلئے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہیں اور استعفیٰ کی گیڈر بھبھکیاں دی رہی ہیں۔
فردوس عاشق اعوان

شیئر کریں

Top