سٹاک مارکیٹ انڈیکس 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا،45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

Pakistan-Stock-Exchange-750x369-1.jpg

تاجروں کیلئے ایمنسٹی سکیم میں توسیع، عالمی اداروں کی ملکی معیشت سے متعلق مثبت خبروں سے سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رحجان
کاروبار میں 1.13 فیصد کی بہتری، 37 کروڑ 31 لاکھ 73 ہزار 822 شیئرز کا لین دین ،تاجروں کو 150ارب کا فائدہ
کراچی(ویب ڈیسک)ملکی معاشی اعشاریوں کے حوالے سے زبردست خبروں کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر پڑنے لگے، 100 انڈیکس 502.99 پوائنٹس بڑھ گیا۔ جس کے باعث 45 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی۔ انڈیکس تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ملکی معاشی اعشاریوں کے مثبت اثرات رونما ہو رہے ہیں، ترسیلات زر اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تاجروں کے لیے ایمنسٹی سکیم میں ایک سال کی توسیع، عالمی اداروں کی طرف سے ملکی معیشت سے متعلق مثبت خبروں نے سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رحجان نظر آ رہا ہے۔رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران کاروبار کے آغاز میں 289.17 پوائنٹس کی تیزی ریکاڈ کی گئی، جس کا تسلسل آگے جا کر دیکھنے کو ملا، ایک موقع پر انڈیکس میں 550 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔پورے کاروباری روز کے دوران سرمایہ کاروں کی طرف سے زبردست دلچسپی کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 502.99 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا، تین سال کے عرصے کے بعد 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 45153.42 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.13 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 37 کروڑ 31 لاکھ 73 ہزار 822 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 150 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
سٹا ک مارکیٹ

شیئر کریں

Top