سی پیک اکنامک زون کیلئے زمین ایکوائر کرلی، جلد کام شروع ہوگا:علی امین گنڈاپور

g1-3.jpg

وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم و صحت،سیاحت اور ہائیڈل شعبوں پر بھرپور توجہ دیکرگلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کی ٹھوس بنیاد رکھی جائے گی،صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے حکومت مربوط پالیسی کے تحت کام کریگی
حالیہ انتخابات کے نتیجے میں عوام نے بھاری ذمہ داری تحریک انصاف کو سونپی ہے،علی امین گنڈاپور،وزراء کیساتھ ملاقات میں گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل اور صوبے میں مستقبل کی حکمت عملی پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا
اسلام آباد(بادشمال نیوز)گلگت بلتستان کے صوبائی وزراء نے وفاقی وزیر اُمو رکشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور سے اسلام آباد میں ملاقات کی وفد میں سینئر وزیر برائے جنگلی حیات و ماحولیات راجہ زکریا، وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی شاہ بیگ، وزیرسیاحت راجہ نسیم،مشیربرائے خوراک شمس لون، وزیر بلدیات عبدالحمید ، وزیر صحت گلبرخان ،معاون خصوصی برائے آبادی حید رخان شامل تھے ۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل اور اس ضمن میں مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں دیر پا ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرے گی ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان میں تعلیم و صحت،سیاحت اور ہائیڈل پاور کے شعبے پر بھرپور توجہ دی جائے گی اور گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کی ٹھوس بنیاد رکھی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بڑے منصوبوں کے لیے کثیر فنڈز پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے مہیا کیے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے سی پیک کے تحت گلگت میں اکنامک زون کے قیام کے لیے زمین ایکوائر کرلی اور اس پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حالیہ انتخابات کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بھاری ذمہ داری تحریک انصاف کو سونپی ہے اور اس ذمہ داری کو عمران خان کے وژن کے مطابق عملی جامہ پہنانے کے لیے سب کو بھرپور محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سیاحت، تعلیم وصحت کے شعبوںمیں اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے ان شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی جس سے عوام کو بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ روزگار کے بہترین مواقع بھی میسر آئیں گے۔ملاقات میں صوبائی وزراء نے اپنے محکموں کے حوالے سے صورتحال سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے ان محکموںکی کارکردگی بہتر ین بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے تاکہ ایک طرف گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے اور دوسری جانب گلگت بلتستان کو حقیقی معنوںمیں پاکستان کا معاشی حب بنایاجاسکے ۔ اس موقع پر دیامر سے تعلق رکھنے والی سماجی کارکن محمد عاطف جاناں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر نے صوبائی وزراء کو اپنی وزارت اور تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔
گنڈاپور

شیئر کریں

Top