مچھ واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے:آرمی چیف

23.jpg

شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، سٹرٹیجک پوٹیشنل کے باعث بلوچستان ہمارے دشمنوں کے نشانے پر ہے، مخالف قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا

بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے ،بلوچستان میں امن و سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، متاثرین مچھ سے گفتگو
راولپنڈی (آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ مچھ کے متاثرین کو یقین دلایا کہ اس گھناؤنے واقعہ میں ملوث منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے گا اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، سٹرٹیجک پوٹیشنل کے باعث بلوچستان ہمارے دشمنوں کے نشانے پر ہے، مخالف قوتوں کی خلل اندازی کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی ملک کی ترقی و خوشحالی ہے ، بلوچستان میں امن و سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا بدھ کو ایک روزہ دورہ کیا ۔جہاں ہیڈ کوارٹرز سدرن کمانڈ میںآرمی چیف کو سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے مچھ سانحہ کے متاثرین سے ملاقات کی اور ہزارہ برادری کے ایک بڑے اجتماع سے بھی گفتگو کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہیڈ کوارٹرز سدرن کمانڈ میں آرمی چیف کو بلوچستان کی سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز اور اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات ، پاک افغان اور پاک ایران سرحد پر سرحدی انتظامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اس دوران آرمی چیف نے مچھ میں شہیدکئے جانے والوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور واقعہ میں انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اس دوران متاثرین کو یقین دلایا کہ اس گھناؤنے واقعہ میں ملوث منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے گا اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ بعد ازاں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گیریژن کے افسران سے خطاب کیا جس دوران انہوں نے علاقے میں مشکلات کے باوجود صوبے میں امن و استحکام یقینی بنانے کی تیاریوں اور کوششوں کو سراہا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ سٹرٹیجک پوٹیشنل کے باعث بلوچستان ہمارے دشمنوں کے نشانے پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی ملک کی ترقی و خوشحالی ہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مخالف قوتوں کی خلل اندازی کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔ قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آرمی چیف

شیئر کریں

Top