سی پیک اور گلگت بلتستان لازم وملزوم خطے کی اہمیت کسی سے پوشیدہ نہیں پاک چین اقتصادی راہداری کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے:جنرل(ر) عاصم باجوہ

g4-3.jpg

گلگت بلتستان میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرینگے موجود توانائی کے مواقعوں سے استعفادہ حاصل کرتے ہوئے پاور سیکٹر میں نئے منصوبے سی پیک میں شامل کئے جائیں گے
سیاحت کے فروغ اور مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے اور گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی سہولت کو بہتر بنانے کیلئے منصوبے شروع کئے جائیں گے،چیئر مین سی پیک کی یقین دہانی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے کیمپ آفس اسلام آباد میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کیلئے سی پیک میں خصوصی منصوبے شامل کئے جائیں تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو سی پیک کا فائدہ پہنچے۔ گلگت بلتستان کیلئے کے آئی یو 100میگاواٹ، 80 میگاواٹ پھنڈر، گلگت چترال ایکسپریس وے اور گلگت بلتستان میں اکنامک زون کو سی پیک منصوبوں میں منظوری کو یقینی بنایا جائے۔ گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کا مسئلہ ہے ۔ فائبر آپٹک سے گلگت بلتستان کو لنک کیا جائے، گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور نئے سیاحتی مقامات کیلئے خصوصی منصوبے سی پیک میں شامل کئے جائیں۔اکنامک زون کیلئے صوبائی حکومت نے زمین مختص کی ہے۔ گلگت بلتستان میں ٹیکنیکل تعلیم پر توجہ دینے اور جدید روڈ انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو سی پیک میں شامل کیا جائے تاکہ سی پیک منصوبے کے ثمرات سے گلگت بلتستان کے عوام بھی مستفید ہوں۔ اس موقع پر چیئرمین سی پی اتھارٹی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال میں سی پیک کے ثمرات گلگت بلتستان کے عوام کو ملنے شروع ہوں گے۔ گلگت بلتستان کی اہمیت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ سی پیک اور گلگت بلتستان لازم و ملزوم ہے۔ سیاحت کے فروغ اور مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے اور گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی سہولت کو بہتر بنانے کیلئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان میں موجود توانائی کے مواقعوں سے استعفادہ حاصل کرتے ہوئے پاور سیکٹر میں نئے منصوبے سی پیک میں شامل کئے جائیں گے۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
عاصم سلیم

شیئر کریں

Top