پی ڈی ایم ،متحد حکومت پر ہر طرف سے وارکرینگے :آصف زرداری

Asif-Ali-Zardari.jpg

ملک شدید خطرات میں ہے، حکمران کوئی بڑی غلطی کر سکتے ہیں،حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کریگی
اناڑی حکمرانوں نے ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیئے،پہلے ہی کہا تھا سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گر چکے ہیں ،سابق صدر
لاہور(آئی این پی)سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک شدید خطرات میںہے، حکمران کوئی بڑی غلطی کر سکتے ہیں۔ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے۔اتوار کوسابق صدر نے یہ بات پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ پی ڈی ایم متحد ہے، اپوزیشن جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔ حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں۔ حکمرانوں کو اب مزید کورونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ یہ لوگ نہ ویکسین خرید سکے نہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ کورونا کی صورتحال میں عوام کی مدد کر سکے۔سابق صدر نے کہا کہ ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26 ارب تک بڑھائی، ملک کا ریونیو ڈبل کیا، ملازمین کی 125 فیصد تنخواہیں بڑھائیں اور سرکاری ملازمین کی پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیئے ہیں۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے۔ اب یہ گر چکے ہیں، بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے۔ پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اس ناکام اور نااہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔
آصف زرداری

شیئر کریں

Top