اسرائیلی نے اپنی گاڑی سے 3 فلسطینیوں کو کچل ڈالا، ایک شہید، 2 شدید زخمی ، اسپتال منتقل

thumbs_b_c_1ab7654dd26a6f3156f9cc1bd5df6e60.jpg

غزہ (آئی این پی) فلسطین کی مقبوضہ وادی اردن کے شمال میں ایک اسرائیلی نے اپنی گاڑی سے 3 فلسطینیوں کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی موقع پر دم توڑ گیا جب کہ 2 شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیے گئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی فلسطینی حکام نے بتایا کہ اسرائیلی تارکین وطن کے ایک ٹولے نے عین البیضا اور بردلا کے درمیان چوک میں فلسطینی شہریوں کو جان سے مارنے کی کوشش کی، جس میں 50 سالہ “بلال شحادہ بواطنہ” موقع پر شہید ہو گیا۔ دریں اثنا غرب اردن ہی میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی شرپسندوں کا ایک دوسرا حملہ ناکام بنا دیا۔ مقامی افراد کے مطابق حومش یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی شرپسندوں کے ایک گروہ نے فلسطینی شہریوں پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین زخمی ہو گئیں۔ علاوہ ازیں مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران کئی فلسطینی زخمی اور کئی دیگر کو حراست میں لے کر تفتیشی مراکز میں منتقل کردیا گیا۔ اسی دوران مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینی شہریوں کی طرف سے ایک شہید کا جسد خاکی حاصل کرنے کے لیے نکالی گئی ریلی پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے

شیئر کریں

Top