وزیراعظم معاشی حالات سے لاعلم، جھوٹ بول کر ترقی نہیں ہوتی، شاہد خاقان عباسی

811707_9000318_shahid_khaqan_abbasi_updates.jpg

ملک کی خدمت کرنے والے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، ملک آئین اور قانون کی بالادستی سے چلتا ہے، ترقی کی الٹی سیدھی باتیں کرنے سے ملک نہیں چلے گا،سابق وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(آئی این پی ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم معاشی حالات سے لاعلم ہیں، جھوٹ بول کر ترقی نہیں ہوتی، ملک کی خدمت کرنے والے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، ملک آئین اور قانون کی بالادستی سے چلتا ہے، ترقی کی الٹی سیدھی باتیں کرنے سے ملک نہیں چلے گا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کوملکی معاشی حالات کاعلم نہیں۔ گروتھ کی باتیں کرنے سے ملکی صورتحا ل بہتر نہیں ہوتے۔ حالات ٹھیک ہوتے تو عام آدمی کے حالات بھی اچھے ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کا کوئی ایسا اقدام نہیں جو ملک کو آ گے لے کر جا سکے۔ ملک کی جی ڈی پی تین سال پہلے کی نسبت کم ہے۔ آج ہماری معیشت کا کیاحال ہے، مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ ملک میں ترقی غلط بیانیوں سے نہیں آتی۔ ان کا کہنا تھا عمران خان کو درباری وزرا نے بتایا کہ ترقی ہو ر ہی۔ ترقی ہوتی تو مہنگائی کم ہوتی اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوتا۔ ملک آئین کی بالادستی سے چلتا ہے۔ باتیں کرنے سے ترقی نہیں ہوتی۔ ن لیگ اور آج کے حالات سے موازنہ کریں تو معلوم ہوجائے گا کہ ترقی ہوئی کہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکیڈالنے والے بیرون ملک جا رہے ہیں اور ملک کی خدمت کرنے والے عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمارے خلاف بیبنیاد الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر آئین کی بالادستی ہونی چاہیے۔ ملک میں عدلیہ، مقننہ اور میڈیا آزاد نہیں ہیں۔ کیا ہماری خارجہ پالیسی اور معیشت کے فیصلے آزاد ہیں۔ اگر ہم اپنے گھر کو درست نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

شیئر کریں

Top