آزاد کشمیرانتخابات کے شفاف انعقادکیلئے مکمل تعاون فراہم کرینگے،چیف الیکشن کمشنر

Sikandar-Sultan-is-Pakistans-new-Chief-Election-Commissioner.jpg

آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان راجہکی سکندر سلطان راجہ سے ملاقات،ارکان نے چیف الیکشن کمشنرپاکستان کو پولنگ کے دن مظفرآباد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا
اسلام آباد(آئی این پی)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کو یقین دہانی کروائی ہے کہ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کو عام انتخابات کے صاف، شفاف انعقاد کے لئے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔پی آئی ڈی آزاد کشمیر سے جاری بیان کے مطابق آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان راجہ فاروق نیاز اور فرحت علی میر نے چیف الیکشن کمشنرپاکستان سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان کو پولنگ کے دن مظفرآباد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ 25جولائی کو اپنے دورے کے دوران بعض پولنگ سٹیشنز بھی جائیں گے اور پولنگ کے عمل کا مشاہدہ کریں گے۔انہوں نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12حلقہ جات کی انتخابی فہرست کی تیاری کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔اسی طرح آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آمدہ عام انتخابات 2021 کے لیے مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے بارہ حلقوں میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے افسران کو بطور ریٹرننگ افسر و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر تعینات کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان قانون کے مطابق انتخابات کے شفاف اور آزادانہ اور منصفانہ انعقاد میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

شیئر کریں

Top