وزیراعلیٰ پنجاب کی آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو مبارکباد

Usman-Buzdar-CM.png

مخالف جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے کو عبرتناک شکست ہوئی،عثمان بزدار
لاہور(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مخالف جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے کو عبرتناک شکست ہوئی۔ پیر کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر کے عوام نے وزیر اعظم عمران خان کی سچی اور ایماندار قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، آزاد کشمیر الیکشن میں جیت شفافیت اور دیانتداری کی فتح ہے، گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی عوام نے چوروں اور لٹیروں کی منفی سیاست کومسترد کر دیا ہے، مخالف جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے کو عبرتناک شکست ہوئی۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، الیکشن کے نتائج نے ثابت کر دیا عوام تحریک انصاف کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں، ثابت ہو گیا کہ کشمیری عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں، تحریک انصاف کی اب تک کی شاندار کارکردگی کی بدولت آزاد کشمیر کے عوام میں سرخرو کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے، نتائج مخالف جماعتوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے، مخالف جماعتوں کو شور مچانے کی بجائے جمہوری اقدار کا ثبوت دینا چاہیے، جہاں جیت گئے وہ ٹھیک، جہاں ہار گئے وہاں دھاندلی، یہ روش اب نہیں چلے گی، آزاد کشمیر میں جمہوری روایات کا علم بلند ہوا ہے، اپوزیشن کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے اور وہ 2023 تک روتے ہی رہیں گے۔

شیئر کریں

Top