مردہ سے طلاق یافتہ بیٹی بہتر ہوتی ہے، اداکارہ نمرہ خان

Nimra-Khan.jpg

کراچی(آئی این پی )داکارہ نمرہ خان کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ خواتین کی طلاق، ان پر گھریلو تشدد اور شادیوں کی ناکامی پر جذباتی انداز میں بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔وائرل ہونے والی ویڈیو کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا، جس میں وہ اپنی ناکام شادی پر بھی مبہم انداز میں بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ویڈیو میں اداکارہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ان کی صحت کے علاوہ جو بھی باتیں پھیل رہی ہیں، وہ ان پر بات نہیں کرنا چاہتیں، بس اتنا کہنا چاہتی ہیں کہ انسان کو غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔اداکارہ کی جانب سے اپنی صحت کا ذکر کیے جانے سے عندیہ ملتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو نئی ہے، کیوں کہ حالیہ دنوں میں اداکارہ بیمار ہیں اور ان کی پیشاب کی نالی میں پتھری ہے۔اداکارہ نے مختصر ویڈیو میں مداحوں اور خاص طور پر خواتین اور والدین کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ غلطیوں سے سیکھیں، وہ اپنی نہیں تو دوسروں کی غلطیوں اور باتوں سے بھی سیکھنے کی کوشش کریں۔نمرہ خان کہتی ہیں کہ لوگ ان کی غلطیوں سے بھی سیکھیں کہ انہوں نے کس طرح ستم اور ظلم برداشت کیے۔مخصر ویڈیو کے دوران وہ جذباتی ہوگئیں اور انہوں نے والدین کو پیغام دیا کہ طلاق یافتہ بیٹی مردہ سے زیادہ اہم اور بہتر ہوتی ہے۔انہوں نے والدین کو کہا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو حوصلہ دیں کہ وہ مظالم کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں۔ خیال رہے کہ نمرہ خان اور راجا اعظم نے19 اپریل 2020 کوسادگی سے شادی کی تھی، تاہم اب ایک سال بعد ان کی طلاق ہونے کی خبریں ہیں۔طلاق کی خبروں کے علاوہ نمرہ خان ان دنوں اپنی خراب صحت کی وجہ سے بھی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں، وہ پیشاب کی نالی میں پتھری کی وجہ سے علیل ہیں اور چند دن تک ہسپتال میں بھی رہی تھیں۔

شیئر کریں

Top