عوامی مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی انتخابات فوری کرائے جائیں‘ خالد فاروق ‘ نسرین ملک

1024px-Flag_of_Azad_Kashmir.svg.png

میرپور(آئی ا ین پی) چیئرمین عام آدمی پارٹی پاکستان و کشمیر خالد فاروق ،سیکرٹری جنرل محترمہ نسرین ملک نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام عام آدمی کی فلاح و بہبود اور ترقی کا واحد راستہ ہے ۔بلدیاتی انتخابات فوری طور پر کرائے جائیں تاکہ عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر مل سکے ،پاکستان گذشتہ تین سالوں میں بد ترین معاشی بدحالی کا شکار ہوا ہے۔مہنگائی نے غریب لوگوں سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے۔ ادوایات کی قیمتوں میں اضافہ سے غریبوں سے جینے کا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔میرپور کے ضمنی الیکشن میں عوا م ان سے ان کا بدلہ لیں گے ، پی ٹی آئی اور لیگ ن ایک سکے کے دو رخ ہیں عوام ان سے تنگ آچکی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ خالد فاروق ، نسرین ملک نے کہا کہ تین سالوں میں افراط زر میں اضافہ، عوام کی قوت خرید میں مسلسل کمی، بے روزگاری کے لشکر میں اضافہ، بیرونی اور اندرونی قرضوں میں بے تحاشا اضافہ، بجلی، تیل، گیس کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ، تجارتی خسارے میں اضافہ اور حکومتی نااہلی اور بدانتظامی نے قومی معیشت کو لاچار اور مقروض کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیاز ی پسے ہوئے طبقات سے جینے کا حق چھین رہے ہیں ۔حکومت عالمی اداروں سے قرض کی اقساط کے حصول کیلئے عوام کا خون نچوڑ رہی ہے جوقابل مذمت ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اس سطح پر پہنچا دی گئی ہیں کہ عوام کے لئے اب دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگیا ہے ۔تین سالوں میں مہنگائی کی شرح میں بے پناہ اضافہ جبکہ عوام کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے جس سے ان کی قوت خرید بھی جواب دے گئی ہے ۔ملک میں سارے لوگ سرکاری ملازمتوں پر نہیں کہ انہیں بجٹ میں بڑھنے والی تنخواہوں اورالاؤنسز سے کچھ سہارا ملے گابلکہ زیادہ تعداد مزدور طبقہ کی ہے اور یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ لوگوں کی آمدن بڑھنے کی بجائے اس میں کمی ہوئی ہے اور یہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

شیئر کریں

Top