آریان کو سَر نیم ‘خان’ کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے: سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر

266258_7043977_updates.jpg

جموں کشمیر کی سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے منشیات کیس میں گرفتار اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔

محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آریان کو اس کے سَر نیم کی وجہ سے نشانہ بنا رہے ہیں۔

مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں محبوبہ مفتی نے بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ایجنسیاں یونین وزیر اجے مشرا کے بیٹے پر 4 کسانوں کو قتل کرنے کے جرم پر نظر ثانی کرنے کی بجائے 23 سالہ لڑکے کے پیچھے پڑگئی ہیں کیونکہ اس کا سر نیم ‘خان’ ہے۔

محبوبہ مفتی نے مزید لکھا کہ یہ انصاف کی توہین ہے کہ بی جے پی اپنے ووٹ بینک کی خوشی اور تسکین کیلئے مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

خیال رہے کہ منشیات کیس میں گرفتار اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور ان کی درخواست ضمانت پر سماعت پیر 11 اکتوبر کو ہونی تھی جسے ملتوی کر دیا گیا۔

شیئر کریں

Top