بھارت کے پاس پیسہ ہے اور پیسہ سر چڑھ کر بولتا ہے: سعید اجمل

266251_1489268_updates.webp

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس پیسہ اور تگڑے اسپانسرز ہیں جس کی وجہ سے ان کا کرکٹ بورڈ بہت مضبوط ہے۔

سابق اسپنر سعید اجمل کرکٹ ایک نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئے جس میں انھوں نے اپنے مشہور بولنگ ایکشن ’دوسرا‘ سے متعلق گفتگو کی۔

اپنے اوپر لگائی گئی پابندی سے متعلق سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہر چیز میں سائنس کو ڈال دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام لگانے سے قبل انھوں نے بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کو 6 ماہ کے لیے بولنگ سے روک دیا، ایشون کو کہاگیا کہ آپ 6 ماہ ریسٹ کرو اس کے بعد ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کو انٹرنیشنل کھیلنے سے روک دیا گیا، اور پھر بعد ازاں مجھے اور حفیظ کو سائیڈ لائن کر دیا گیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بھمراہ اور بولر ہربھجن سنگھ کے ساتھ بھی مسئلہ تھا لیکن چونکہ وہ دونوں بھارتی کرکٹر ہیں اور پھر ان کے کرکٹ بورڈ کے پاس پیسہ اور اسپانسر دونوں تگڑے ہیں، اور پیسہ سر چڑھ کر بولتا ہے۔

شیئر کریں

Top