داعش کے تمام کارندے افغان ہیں، ان کا صفایا کر دیں گے: ذبیح اللہ مجاہد

l_266647_114348_updates.jpg

افغانستان کے قائم مقام معاون وزیر برائے اطلاعات و ثقافت ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ داعش کے خاتمے کا تہیہ کر چکے ہیں اور داعش کا صفایا کر دیں گے۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے افغانستان کے قائم مقام معاون وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چین افغانستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر تیار ہے، چینی باشندوں اور اثاثوں کی سکیورٹی کی ضمانت پر چین سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ داعش طالبان کیلئے کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، افغانستان میں داعش زیادہ تعداد میں موجود نہیں ہے، گزشتہ دنوں داعش کے کئی افراد کو گرفتار کیا اور متعدد ٹھکانوں کو مسمار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بروقت کارروائی کے ذریعے داعش کے کئی حملوں کو روکا ہے، داعش کے تمام کارندے افغان ہیں، ان میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے، ہم تہیہ کر چکے ہیں کہ افغانستان سے داعش کا صفایا کر دیں گے۔

قائم مقام معاون وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ افغانستان میں معاشی صورت حال معمول پر لوٹ رہی ہے، قومی وسائل اکٹھے کر رہے ہیں، افغان تاجر نئی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، سڑکوں کی تعمیر کے اہم منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اور کچھ ممالک کے ساتھ معدنیات کی تلاش کے سمجھوتوں پر دستخط کرنے والے ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغانستان کے اثاثوں کو منجمد کرنا افغان عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے، افغانستان کے منجمد اثاثوں سے متعلق امریکا کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، دوسرے ممالک اور بین الاقوامی بینکوں کے ساتھ بھی منجمد اثاثوں پربات چیت کر رہے ہیں، منجمد اثاثے افغان عوام کی امانت ہیں جن کو جاری کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شریعت کے احکامات اور قانون کے تحت خواتین اور انسانی حقوق کی حرمت کا خیال رکھیں گے، افغانستان میں بچیوں کے اسکول جانے سے متعلق منصوبہ تشکیل دینے پر مشاورت کر رہے ہیں، بچیوں کی تعلیم کا مسئلہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔

شیئر کریں

Top