پاکستانی بولرز نے ٹی 20 ورلڈکپ میں اب تک کوہلی کو کتنی مرتبہ آؤٹ کیا؟

267222_6107033_updates.jpg

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے جہاں اس ایونٹ کا سب سے بڑا میچ 24 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی بھارت کے خلاف ورلڈکپ میں کارکردگی کبھی اچھی نہیں رہی اور قومی ٹیم ایک بار بھی روایتی حریف کے خلاف میچ نہیں جیت سکی۔

اس کے علاوہ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ پاکستانی بولرز بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں ایک بار بھی آؤٹ نہیں کر پائے۔

ویرات کوہلی نے 3 ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستانی بولرز کا سامنا کیا اور وہ ہر بار اپنی ٹیم کو جتواتے ہوئے ناٹ آؤٹ رہے۔

ویرات کوہلی کی پاکستان کےخلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اننگز پر نظر ڈالتے ہیں۔

ویرات کوہلی نے 2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی بار پاکستانی بولرزکا سامنا کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 128 رنز بنائے اور جواب میں بھارت نے مقررہ ہدف2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

ویرات کوہلی نے اس مقابلے میں ناقابل شکست رہتے ہوئے 78 رنز بنائے۔

2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک بار پھر ویرات کوہلی کا سامنا پاکستانی بولرز سے ہوا اور ایک بار پھر وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے اس مقابلے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 130 رنز بنائے اور بھارت نے یہ میچ بھی باآسانی 7 وکٹوں سے جیت لیا جب کہ ویرات کوہلی نے اس میچ میں بھی ناقابل شکست رہتے ہوئے 36 رنز بنائے۔

پاکستانی بولرز نے ایک بار پھر 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویرات کوہلی کی وکٹ لینے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہے۔

پاکستان نے اس مقابلے میں بھارت کو 119 رنزکا ہدف دیا جو اس نے باآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا جب کہ ویرات کوہلی نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 55 رنز بنائے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ 24 اکتوبر کے ٹاکرے میں ویرات کوہلی کے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناٹ آؤٹ رہنے کی روایت برقرار رہتی ہے یا پھر پاکستانی بولرز اس بار تاریخ کو بدل دیں گے یہ تو وقت بتائے گا۔

شیئر کریں

Top