امید ہے مریم اشتہارات کنٹرول کرنےکی طرح بیرون ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کرلینگی، فواد

Fawad-3.jpg

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ مریم نواز نے بڑے چینلز کے اشتہارات کنٹرول کرنےکا اعتراف کیا، یہ سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور اعتراف ہے۔

ٹوئٹر پر ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ وہ پارٹی کا میڈیا سیل چلارہی تھیں، اس اعترافی بیان کے بعد امید ہے وہ اپنی اور خاندان کی بیرون ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کر لیں گی، قوم چشم براہ ہے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک آڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں مریم نواز کسی کو کہہ رہی ہیں کہ چار چینلزکو کوئی اشتہار نہیں جائےگا۔

آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے اعتراف کیا کہ یہ ان کی ہی آواز ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں انکار نہیں کر رہی کہ یہ آڈیو میری نہیں، یہ پرانی آڈیو ہے، میں تب پارٹی کا میڈیا سیل چلا رہی تھی، وہ بہت پرانی ہے، میں یہ نہیں کہہ رہی کہ فلاں تقریر سے یا توڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے۔

شیئر کریں

Top