دبئی ایکسپومیں جی بی کی مقامی اشیاء کی عالمی مارکیٹ تک رسائی یقینی بنائیں گے،وزیراطلاعات

g2-11.jpg

گلگت(بادشمال نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی و ترقی فتح اللہ خان کی زیر صدارت دبئی ایکسپو 2020 کے حوالے سے اجلاس،محکمہ زراعت،محکمہ ماہی پروری،محکمہ جنگلات،محکمہ سیاحت و ثقافت اور دیگر متعلقہ محکمہ جات نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے بنائی گئی ڈاکیومنٹریزدکھائیں ،جس کا مقصد زراعت، ٹراٹ مچھلی،سیاحت،ماہی پروری،جڑی بوٹیاں،ڈرائی فروٹس،چیریز،اور دیگر اشیا کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کو ممکن بنانے اور ان شعبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا۔اجلاس میں صوبائی وزیر فتح اللہ خان نے دبئی ایکسپو 2020 کے حوالے سے بنائی گئی مختلف ڈاکیومنٹریز کا بغور جائزہ لیا اور اس اہم عالمی ایونٹ میں گلگت بلتستان کا بہتر تشخص اور یہاں کی سیاحت و ثقافت سمیت دیگر شعبوں کی جانب سے کیئے گئے اقدامات کو بہترین انداز میں پیش کرنے کی سعی اور خطے کی حقیقی تشخص اجاگر کرنے کی عکاسی کو سراہا۔ صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی و ترقی فتح اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 میں گلگت بلتستان کے مختلف محکموں کی جانب سے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور مقامی اشیا کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کو ممکن بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دبئی ایکسپو2020 گلگت بلتستان میں سرکایہ کاروں کی توجہ مبذول کرانے کیلئے بین الاقوامی سطح کا ایک انتہائی اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس پلیٹ فارم سے بھرپور مستفید ہونے کیلئے متعلقہ محکمے مکمل تیاری کے ساتھ شرکت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کی خواہش اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کے ویژن کے مطابق ہمارا خوبصورت خطہ سیاحت کا حب بنے گا اور دنیا سرمایہ کاری کیلئے ان علاقوں کا رخ کرے گی۔

شیئر کریں

Top