کراچی میں گودام کی کھدائی کے دوران جنگی اسلحہ، گولہ بارود برآمد

12345-81.jpg

کراچی (ویب ڈیسک) ضلع وسطی پولیس نے اولڈ سٹی ایریا میں گودام کی کھدائی کرکے زمین میں دفنایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور ہیلی کاپٹر و ٹینک سمیت دیگر ہتھیاروں کے زنگ آلود پرزے برآمد کرلیے۔ایس ایس پی ضلع وسطی غلام مرتضی تبسم کی سربراہی میں پولیس نے نیپیئرتھانے کے علاقے لی مارکیٹ میں چینی کے برتنوں کے گودام پرچھاپہ مارا جہاں کھدائی کے دوران زمین میں دفنایا ہوا بڑی تعداد میں زنگ آلود اسلحہ برآمد کیا۔پولیس نے ایک پرانی بلڈنگ کے فرش کی کھدائی کی تو ہتھیاروں کی بڑی کھیپ نکل آئی جو ایک اندازے کے مطابق کم از کم دس سال پہلے محفوظ کیے بغیر ہی زمین میں دفنادی گئی تھی۔ڈی ایس پی نیو کراچی معین الدین کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں پرانی رائفلیں، پستول، ریوالور، اینٹی ٹینک، اینٹی ایئرکرافٹ، راکٹ لانچر اور اینٹی ٹینک گن سمیت دیگر ہتھیاروں کے پرزے شامل ہیں ۔ برآمد ہونے والا اسلحہ جنگوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔جہاں سے یہ اسلحہ برآمد ہوا ہے وہ پرانی عمارت ہے جو چینی برتنوں کے گودام کے طور پر استعمال ہوتی تھی، اس عمارت کے مختلف حصوں کی کھدائی کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ہتھیار اگر درست حالت میں ہوتے تو بڑی تباہی کے لیے استعمال ہوسکتے تھے مگر یہ اسلحہ برسوں سے زمین میں دبا ہونے کی وجہ سے ناکارہ ہوچکا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی تمام گولہ بارود کا معائنہ کیا۔ آخری وقت تک پولیس کی جانب سے عمارت میں کھدائی کا سلسلہ جاری تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گودام مالک نے کس سے گودام کرائے پرحاصل کیا تھااس حوالے سیتحقیقات ہوگی،کئی سال پہلے گودام کا مالک کون تھااس کی اسلحہ کی مکمل برآمدگی کے بعد مختلف پہلوں سے تحقیقات کی جائے گی۔

شیئر کریں

Top