اسرائیل رمضان کے دوران مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کی عبادت میں خلل نہ ڈالے، فلسطین

123-781.jpg

قاہرہ: ماہِ رمضان کے دوران بیت المقدس میں مسلمانوں کو عبادتوں کی مکمل آزادی کے لیے مصر کی ثالثی میں فلسطین اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رمضان کے مقدس مہینے سے قبل مغربی کنارے میں تشدد کے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مصر نے فریقین کو امن مذاکرات کی دعوت دی ہے۔
امریکا اور اردن کی کوششوں سے اسرائیل اور فلسطین کے حکام مصر میں شرم الشیخ کے ریزورٹ شہر پہنچ گئے۔ جہاں مصر، امریکا اور اردن کے حکام بھی موجود تھے۔
مذاکرات میں ماہ رمضان میں قیام امن کے ساتھ ساتھ بیت المقدس میں مسلمانوں کو مکمل اور بلا تعطل عبادتیں کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا اور مغربی کنارے میں کشیدگی میں کمی پر زور دیا گیا۔
خیال رہے کہ پانچ ممالک کی پہلی ملاقات 26 فروری کو اردن میں ہوئی تھی جس میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کے وعدے کیے گئے تھے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا تھا۔
مصر کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شرم الشیخ میں ہونے والی اس ملاقات کا مقصد فلسطین میں تشدد کے خاتمے اور پُر امن رہنے کے لیے بات چیت کی حمایت کرنا ہے۔
مصر نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں امن عمل کی بحالی کے لیے موزوں ماحول کی تخلیق میں سہولت فراہم کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ماہ رمضان میں اسرائیلی پولیس نے مسجد الاقصی میں مسلمانوں کو عبادت سے روکا تھا باجود اس کے کہ فریقین نے مسجد مقدس مہینے میں یہودیوں کے مسجد اقصٰی میں داخلے پر پابندی اتفاق کیا تھا۔

ٹرمپ نے ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر کارکنان کو احتجاج کی کال دے دی

123-750.jpg

نیویارک: امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی عنقریب گرفتاری کا دعوی کیا ہے اور حامیوں کو احتجاج کی کال دے دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جسم فروش امریکی خاتون کی جانب سے سابق صدر پر جنسی تعلقات اور پھر خاموش رہنے کیلئے رقم ادائیگی کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے بےبنیاد قرار دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کو منگل کے دن گرفتار کیا جائے گا لہٰذا کارکنان جمہوریت کی سالمیت کیلئے بھرپور احتجاج کریں۔
الزامات کی تحقیقات نیویارک کی ایک عدالت کرے گی۔ رپورٹس کے مطابق اگر الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو ڈونلڈ ٹرمپ پہلے سابق امریکی صدر ہونگے جن پر فرد جرم عائد ہوگی۔
دوسری جانب ٹرمپ کے وکیل اور ترجمان نے کہا کہ استغاثہ کی طرف سے اب تک اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے، ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ انہیں منگل کو گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے۔

آسام کے مسلمان دشمن وزیراعلیٰ کا مدرسے بند کرنے کا اعلان

123-749.jpg

نئی دہلی: بھارتی ریاست آسام کے ہندو انتہا پسند وزیراعلیٰ نے تمام مدرسے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ریاست آسام کے ہندو انتہاپسند وزیراعلیٰ ہیمانت بسوا شرما نے ایک ریلی سے خطاب میں فخریہ اعلان کیا کہ وہ ریاست میں اب تک 600 مدرسے بند کرچکے ہیں۔
مسلمان دشمن وزیراعلیٰ نے مزید زہر اگلتے ہوئے کہا کہ وہ آسام میں تمام مدرسے بند کردیں گے کیونکہ ہمیں مدرسے نہیں چاہیے ہیں بلکہ اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز چاہیے ہیں۔
ہندو انتہاپسند وزیراعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بنگلا دیش سے لوگ یہاں آ کر ہماری تہذیب اور ثقافت کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔ بھارت میں رہنے والے مسلمان اور عیسائی تو خود کو فخر سے مسلمان اور عیسائی کہتے ہیں لیکن ہندو یہ بات نہیں کہتے۔

بھارتی پولیس نے خالصتان تحریک کے رہنما امرت پال سنگھ سمیت 78 گرفتار

123-748.jpg

امرتسر: بھارتی پولیس نے ریاست پنجاب میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے خالصتان کے حامی سکھ رہنما امرت پال سنگھ سمیت 78 افراد کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ’وارث پنجاب دے‘ نامی تنظیم کے سربراہ کو ہفتے کے روز جالندھر کے علاقے نکودر کے قریب سے پولیس نے گرفتار کیا گیا۔ سکھ فیڈریشن یوکے سمیت سکھوں کی بین الاقوامی تنظیموں نے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اوراسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
وارث پنجاب دے تنظیم کے ایک اہم رہنما نے ایکسپریس ٹربیون سے بات کرتے ہوئے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ رہنما کے مطابق امرت پال سنگھ کے 6 ساتھیوں کو پولیس نے پہلے ہی جالندھر میں گرفتارکرلیا تھا اوران سے نامعلوم مقام پرپوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق بھارتی پنجاب پولیس امرت پال سنگھ کو گزشتہ کئی روز گرفتار کرنے کا فیصلہ کرچکی تھی تاہم جی 20 بین الاقوامی کانفرنس کی وجہ سے پولیس نے امرت پال سنگھ کی گرفتاری روک دی تھی تاکہ اس موقع پرحالات خراب نہ ہوجائیں ۔
ہفتے کے روز امرت پال سنگھ کو جالندھر کے نکودر کے قریب سے حراست میں لیا۔ جالندھرپولیس کے مطابق بھاری نفری کے ہمراہ امرت پال سنگھ کو تعاقب کے بعد گرفتارکیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ امرت پال سنگھ کیخلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے سمیت تین مختلف مقدمات درج کررکھے ہیں۔ بھارتی پولیس نے امرت پال سنگھ کے ساتھیوں سے بغیرلائسنس جدید اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔ بھارتی پنجاب میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردیْ
ادھرامرت پال سنگھ کی گرفتاری پر خالصتان حامی سکھ تنظیموں کی طرف سے احتجاج اورمذمتی بیانات سامنے آئے ہیں۔ سکھ فیڈریشن یوکے کا کہنا ہے امرت پال سنگھ کی گرفتاری قانون اورانسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ امرت پال سنگھ اور انکے ساتھیوں کو بغیرکسی وجہ اورکسی قانوی بنیاد کے گرفتارکیا گیا ہے۔
فیڈریشن نے کہا کہ ایک بارپر 1980 کی دہائی کے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں ۔ جب پولیس کے سکھوں کے قتل عام کی کھلی اجازت دی گئی تھی۔ سکھ تنظیموں کا کہنا ہے وہ اس عمل پرخاموش نہیں رہیں گی اورریاستی سرپرستی میں سکھوں کی نسل کشی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
بعد ازاں بھارتی پولیس نے امرت پال سنگھ سمیت انکے 78 ساتھیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے،بھارتی پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں،پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور وارث پنجاب دے کے تمام ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

روسی ڈرونز کے یوکرین پر حملے جاری، ایک شہری ہلاک، تین زخمی

1-17.png

عالمی عدالت انصاف کی جانب سے روسی صدر ولادیمیرپوتن کے وارنٹ گرفتاری ایشو کیے جانے کے باوجود روس کے یوکرین پر حملے بدستور جاری ہیں۔ چوبیس گھنٹوں کے د وران کیے گئے حملوں میں ایک یوکرینی شہری ہلاک اورتین زخمی ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ جمعے اورہفتے کی درمیانی شب 16 روسی ڈرون طیاروں نے دارالحکومت کیف اورمغربی شہر لوائیو کو نشانہ بنایا۔ ایئرفورس کمانڈ نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ 16 میں سے 11 ڈرون تباہ کردیے گئے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق یہ حملے بحیرۂ آزوف اوریوکرینی سرحد کے ساتھ لگنے والے روسی صوبے بریانسک سے کیے گئے۔
ہفتے کی صبح یوکرینی فوج کی جانب سے فیس بک پیچ پر جاری کی گئی اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران روسی افواج نے 34 فضائی حملے کیے اورایک میزائل داغا۔ اس کے علاوہ طیارہ شکن ہتھیار بھی چلائے۔
یوکرینی فوج کے مطابق جنوبی صوبہ خیرسون میں روسی حملوں کے نتیجے میں سات گھراورایک اسکول تباہ ہوگیا۔
صوبہ ڈونیسک کے گورنر نے کہا کہ جمعے کو روسی افواج نے گیارہ قصبوں پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
گورنر کے مطابق روسی راکٹوں نے زیپپوریژیا شہر کے رہائشی حصے کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی مگر کئی گھر تباہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ جمعے کو عالمی عدالت انصاف کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کے جرم میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے وارنٹ گرفتاری کا اجرا کردیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے وحشیانہ مظالم جاری، فلسطینی نوجوان شہید

1-16.png

فلسطین میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ مظالم جاری ہیں۔ رواں سال اب تک کم از کم 84 فلسطینی شہری صہیونی فوجیوں کی بربریت کا نشانہ بن چکے ہیں۔ اس طرح 2023 فلسطینیوں کے لیے خونی سال ثابت ہورہا ہے۔

بربریت کے تازہ مظاہرے میں صہیونی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
فلسطینی وزیرصحت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے 23 سالہ یزان عمرجمیل خصیب کو رملہ کے قریب البیرہ کے داخلی راستے پر گولیاں مار کرشہید کیا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے یزان عمر کی شہادت کے بعد یہ بیان جاری کیا گیا کہ فوجیوں نے اس نوجوان کو مشکوک سمجھتے ہوئے اپنی شناخت کروانے کے لیے کہا تھا جس کے جواب میں نوجوان نے چاقو نکال لیا۔ فوجیوں نے ’ غیرمسلح‘ کرنے کے لیے اس پر فائر کھول دیا۔ اس واقعے میں اسرائیلی فوجی محفوظ رہے۔
2023کے آغاز سے اب تک کم از کم 84 فلسطینی باشندے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
قبل ازیں جمعرات کو بھی صہیونی فوجیوں نے جنین میں ایک کم سن لڑکے سمیت چار فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔
اس واقعے کے اڑتالیس گھنٹوں بعد اسی شہر میں ایک چھاپہ مار کارروائی میں مزید چھ فلسطینی اسرائیلی فوجیوں کی وحشت کا نشانہ بن کر جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔
جنوری میں اسرائیلی فوجیوں نے جنین کے ایک پناہ گزین کیمپ میں آپریشن کےد وران ایک عمررسیدہ خاتون سمیت نو نہتے فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے بتسلیم کے مطابق 2022 میں اسرائیلی فوج نے 170 فلسطینی شہریوں کو شہید کیا تھا۔
رواں سال کے ڈھائی ماہ کے دوران فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 84 تک پہنچ گئی ہے۔

چین کے صدر کا اگلے ہفتے دورہِ روس متوقع

123-747.jpg

یجنگ: چینی صدر شی جن پنگ روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کیلئے اگلے ہفتے سرکاری دورے پر روس روانہ ہوں گے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چینی صدر کا یہ فیصلہ پوٹن کی جانب سے دی گئی دعوت اور چین کی امن ثالثی کی پیشکش کے بعد سامنے آیا ہے۔ روسی ایوان صدر کریملن کے مطابق مذاکرات میں روس اور چین کے درمیان جامع شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ کئی اہم دو طرفہ دستاویزات پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔
چین اور روس نے فروری 2022 میں یوکرین حملے سے چند ہفتے قبل، بیجنگ سرمائی اولمپکس کے افتتاح کے موقع پر “کوئی حد نہیں” کے منشور پر شراکت داری کی تھی جس کے بعد سے دونوں فریقین اپنے تعلقات مزید مضبوط کرنے کی طرف گامزن ہیں۔
یوکرین حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔ چین روسی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے، جو ماسکو کی آمدنی کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔ تاہم حالیہ ہفتوں میں چین، روس اور یوکرین کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
24 فروری کو چین نے روس یوکرین جنگ پر 12 نکاتی پوزیشن پیپر جاری کیا ، جس میں اس نے جنگ بندی اور دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کا مطالبہ کیا۔ جمعرات کو یوکرینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ 1 سال سے جاری تنازعہ بےقابو ہونے کا خدشہ ہے۔ وزیر خارجہ نے یوکرینی ہم منصب کو ماسکو کے ساتھ سیاسی حل کیلئے بات چیت پر زور دیا۔

جوبائیڈن کا روسی صدر کے عالمی عدالت کے وارنٹ گرفتاری کا خیرمقدم

1-15.png

واشنگٹن: عالمی عدالت انصاف کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا کا امریکی صدر جوبائیڈن نے خیرمقدم کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وارنٹ گرفتاری کے اجرا سے امریکی موقف کی تائید ہوتی ہے کہ روس نے یوکرین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
گذشتہ روز عالمی عدالت انصاف کی طرف سے روسی صدر کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا سے متعلق کہا گیا تھا کہ اس امر کے اطمینان بخش شواہد موجود ہیں کہ ولادیمیر پوتن جنگی جرائم میں براہ راست ملوث ہیں۔
قبل ازیں جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے روسی صدرپر یوکرین میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ فروری میں امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے بیان دیا تھا کہ جو بھی جنگی جرائم میں ملوث ہوا اسے انصاف کٹہرے میں لایا جائے گا۔

افغانستان میں خواتین کیلیے مخصوص شاپنگ مالز کھل گئے

کابل: افغانستان کے شہر ہرات میں خواتین کے لیے مخصوص 2 شاپنگ مالز کھل گئے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ہرات میں خواتین کے لیے کھولے گئے 2 شاپنگ مالز میں دکان داراورخریدار خواتین ہیں۔ ان شاپنگ مالز میں فیملی کے بغیر مردوں کا داخلہ منع ہے۔
رپورٹ کے مطابق خواتین دکان داروں کا 6 ماہ کا کرایہ بھی معاف کردیا گیا ہے۔ خواتین کے لیے مخصوص شاپنگ مالز میں تمام عمر کی خواتین اور لڑکیاں اپنا کام کررہی ہیں۔ اس قبل طالبان کو لڑکیوں کی تعلیم سمیت خواتین پر مختلف پابندیاں عائد کرنے پر عالمی برادری کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

برطانوی جامعات میں مودی سرکار کے کشمیر میں مظالم کی گونج

123-745.jpg

لندن: ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ کی ایسٹ اینگلیا یونیورسٹی میں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سیمینار منعقد ہوا۔
سیمینار میں لندن اسکول آف اکنامکس اور ایسٹ اینگلیا یونیورسٹی سمیت7برطانوی تنظیموں کی جانب سے بھارت کی مودی سرکار کی کشمیر میں مظالم اور آزادی صحافت پر کریک ڈاؤن کی شدید مزمت کی گئی۔
سیمینار سے انڈیا ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کوارڈینیٹر چیری برڈنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماورائے دالت قتل، جبری گمشدگیاں اور جتھہ انصاف مودی کے ہندوستان کی نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تحریکِ آزادی کو دبانے کے لئے پیلٹ گن کا استعمال جبر و استبداد کی بدترین مثال ہے، مودی نے ہندوستانی صحافت کا گلہ گھونٹ کر اسے آمریت کی طرف دھکیل دیا ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے صوبے بلوچستان میں بھی دہشتگردوں کی سر پرستی کر کے کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل ایسٹ انگلیا یونیورسٹی کے صدر سید محمد حمزہ نے شرکاء سے خطاب کے دوران کہا کہ مسئلہ کشمیر یوکرین اور فلسطینی تنازعے کی طرح سنگین ہے، عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

Top