چین کے صدر یوکرین جنگ پر پوتن سے ملاقات کیلیے روس پہنچ گئے

123-821.jpg

بیجنگ: چین کے صدر شی جنپنگ روس کے تین روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر شی جنپنگ کی آمد پر ملٹری بینڈ نے چین اور روس کے ترانوں کی دھن بجائی جب کہ چین اور روس کے صدور کی دوبدو ملاقات آج کسی وقت متوقع ہے۔
چین کے طاقتور ترین رہنما کے طور پر ابھرنے والے شی جنپنگ کا مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہونے کے بعد بیرون ملک یہ پہلا دورہ ہے۔ جس سے ان کے روس کے ساتھ مضبوط تعلقات کا اظہار ہوتا ہے۔
روس روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو میں چینی صدر نے اس یقین کا اظہار کیا تھا کہ روس کا دورہ سود مند ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تجارت میں مزید تیزی آئے گی۔
دوسری جانب روس نے دورۂ چین کو ایک طاقتور دوست کی مشکل وقت میں مدد سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما 2030 تک روس چین اقتصادی تعاون کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کریں گے۔
چینی صدر شی جنپنگ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا تھا کہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے روسی صدر سے اپنے تعلقات اور اثر و رسوخ کو استعمال کریں گے۔
ادھر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ چین یوکرین جنگ پر مغربی دباؤ کے خلاف ان کی حمایت کرے گا اور مغربی ممالک کی روس پر پابندیوں کے خلاف آواز اُٹھائے گا۔
خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت کے یوکرائنی بچوں کو روس بھیجے جانے پر پوتن کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کرنے کے بعد چین کے صدر شی جنپنگ کسی ملک کے پہلے سربراہ ہیں جو روسی صدر سے ملنے آئے ہیں۔

سکھوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پر خالصتان کا پرچم لہرا دیا

123-820.jpg

لندن: سکھوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پربھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا پرچم لہرا دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں سکھ نوجوانوں کو بھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا پرچم لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران ہاتھوں میں خالصتان کا پرچم اٹھائے نوجوان بھارت کے خلاف اور خالصتان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔بھارتی سفارتی اہلکار کی بھارت کا جھنڈا اتارنے اور خالصتان کا پرچم لہرانے سے روکنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
لندن میں مقیم سکھ برادری کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن پر بھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرانے کا مقصد بھارتی پنجاب میں خالصتان تحریک کے حامی امرت پال سنگھ اور ان کے 6 ساتھیوں کی گرفتاری کیخلاف احتجاج اور آسٹریلیا میں خالصتان کے بارے میں ہونے والے ریفرینڈم سے اظہار یکجہتی تھا۔ آسٹریلیا میں آج خالصتان پر ووٹنگ ہورہی ہے۔

طالبان حکام سرکاری ملازمتوں سے اپنے بیٹوں کو برطرف کریں؛ امیرِ ہبتہ اللہ

123-819.jpg

کابل: امیرِ طالبان ہبتہ اللہ اخوندزادہ نے حکم دیا ہے کہ طالبان حکام اپنے بیٹوں اور دیگر رشتہ داروں کو فوری طور پر سرکاری نوکریوں سے فارغ کرکے ان کی جگہ عام شہریوں کو بھرتی کریں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امیرِ طالبان ہبتہ اللہ اخوندزادہ کی جانب سے ایک حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ طالبان حکام اپنے بیٹوں یا خاندان کے دیگر افراد کو ملازمت دینے سے گریز کریں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جن طالبان حکام کے بیٹے یا دیگر رشتے دار سرکاری ملازمتوں میں ہیں وہ فوری طور پر انھیں ہٹا دیں اور ان کی جگہ نئی بھرتیاں کی جائیں۔
امیرِ طالبان کی جانب سے یہ حکم نامہ ان الزامات کے بعد جاری کیا گیا ہے کہ طالبان کے کئی سینئر عہدیداروں نے اپنے بیٹوں اور دیگر رشتہ داروں کو سرکاری ملازمتیں دلوائی ہیں۔
یاد رہے کہ طالبان نے اگست 2021 میں ملک کا اقتدار سنبھال لیا تھا جس کے بعد کئی سرکاری ملازمین یا تو بیرون ملک چلے گئے یا برطرف کردیے گئے اور ان کی جگہ طالبان کے عہدیداروں نے اپنے بیٹوں کو بھرتی کیا تھا۔

افغان جنگ میں نہتے شہری کو قتل کرنے والا آسٹریلوی فوجی 3 سال بعد گرفتار

123-818.jpg

نیو ساﺅتھ ویلز: آسٹریلیا میں 41 سالہ سابق فوجی اہلکار کو افغانستان میں جنگی جرائم کا مرتکب ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کا دستہ پہلی بار 2001 اور پھر 2005 میں بھیجا گیا تھا۔ افغان جنگ کے دوران ان دستوں نے نیٹو اتحادی فوج کی حیثیت سے حصہ لیا تھا۔
آسٹریلوی فوجی بھی گزشتہ برس طالبان کے اقتدار سنبھالنے پر نیٹو اتحادی افواج کے ہمراہ اپنے وطن لوٹ گئے تھے تاہم افغانستان میں تعیناتی کے دوران آسٹریلوی فوجیوں پر کئی معصوم شہریوں کے قتل کے الزامات لگے تھے۔
جس پر آسٹریلیا کے محکمہ ’’آفس آف اسپیشل انوسٹی گیٹر‘‘ نے تحقیقات کیں اور ایک فوجی اہلکار کو افغان شہری کے قتل میں ملوث پایا جس پر وفاقی پولیس نے ’’آسٹریلوی ڈیفنس فورس‘‘ کے 41 سالہ فوجی کو نیو ساؤتھ ویلز سے گرفتار کرلیا۔
آسٹریلوی فوجی کو جنگی جرائم کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ یہ پہلے آسٹریلوی فوجی ہے جن پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے گا اور الزام ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔
آسٹریلوی پولیس نے دوفوجی اہلکار کی گرفتاری اور عدالت میں پیش کرنے کی تصدیق کی ہے تاہم اہلکار کا نام اور عہدہ ظاہر نہیں کیا۔
تاہم آسٹریلوی خبر رساں ادارے ’’اے بی سی‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار اہلکار کا نام اولیور شولز ہے جسے مارچ 2020 میں نشر ہونے والی ایک دستاویزی فلم میں زمین پر پڑے ایک افغان شہری کو گولی مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دستاویزی فلم کے نشر ہونے کے بعد مذکورہ اہلکار کو فوج سے ہٹا دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 2005 سے 2016 کے درمیان افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے آسٹریلیا میں ’’آفس آف اسپیشل انوسٹی گیٹر کا قیام‘‘ عمل میں لایا گیا تھا۔
آفس آف اسپیشل انوسٹی گیٹر کا قیام 2020 کی بریریٹن رپورٹ کے بعد کیا گیا تھا۔ اس رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ آسٹریلوی فوجیوں نے افغانستان میں 39 معصوم اور نہتے شہریوں کو غیر قانونی طور پر ہلاک کیا تھا۔
آفس آف اسپیشل انوسٹی گیٹر نے اپنے قیام کے بعد پہلی تحقیقاتی رپورٹ میں سفارش کی کہ 2009 سے 2013 کے درمیان افغانستان میں قیدیوں، کسانوں یا عام شہریوں کے قتل پر 19 آسٹریلوی فوجیوں سے تفتیش کی جائے۔
آفس آف اسپیشل انوسٹی گیٹر نے یہ بھی سفارش کی کہ ان فوجیوں کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات فوجی عدالت کے بجائے سویلین کورٹس میں سنے جائیں۔

دنیا کی خوش باش قوم کی فہرست میں پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

123-817.jpg

واشنگٹن: دنیا بھر کے سب سے خوش باش اور مطمئن قوموں کی فہرست میں فن لینڈ مسلسل چھٹے سال بھی اوّل نمبر پر ہے جب کہ پاکستانیوں نے خوش اور مطمئن رہنے میں بھارتیوں کو مات دیدی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا کے سب خوش باش ممالک کی فہرست برائے سال 2023 جاری کردی گئی۔
اس سال بھی فن لینڈ نے اپنا پہلا نمبر برقرار رکھا اور مسلسل چھٹے سال بھی سب سے خوش باش قوم کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دوسرے نمبر پر ڈنمارک اور تیسرے پر سوئٹزرلینڈ ہے۔
سروے میں پاکستان کا نمبر 103 واں ہے جب کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت 136 ویں نمبر پر ہیں۔ پاکستانی ذہنی طور پر بھارتیوں سے زیادہ خوش اور مطمئن ہیں۔
دنیا کی سب سے ناخوش اقوام میں دہائیوں سے جنگ زدہ ملک افغانستان کا نمبر پہلا ہے جس کے بعد زمبابوے اور روانڈا کا نمبر آتا ہے۔
یاد رہے کہ دنیا کے خوش باش اقوام کی درجہ بندی وہاں رہنے والے عوام میں امید، انسانی صلاحیت اور زندگی پر ماحول کے اثرات کی بنیاد کی جاتی ہے۔

بھارت؛ ریلوے اسٹیشن کی ٹی وی اسکرینز پر فحش فلم چل گئی

123-816.jpg

ٹنہ: بھارتی ریاست بہار کے معروف ریلوے اسٹیشن میں نصب ٹی وی کی بڑی اسکرینوں پر اچانک پورن مووی چل پڑی اور حکام کئی منٹ تک غفلت کی نیند سوتے رہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پٹنہ ریلوے اسٹیشن پر درجنوں خواتین اور بچوں کی موجودگی میں مسافروں کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہاں نصب ٹیلی وژن اسکرینوں پر اشتہارات کی جگہ فحش کلپس چل پڑے۔
صبح ساڑھے نو بجے پیش آنے والے اس واقعے سے ریلوے انتظامیہ غافل رہی۔ تین منٹ تک پورن مووی کے کلپ چلتے رہے۔ مسافروں کے احتجاج پر انتظامیہ حرکت میں آئی۔
ریلوے مسافروں نے گورنمنٹ ریلوے پولیس (GRP) اور ریلوے پروٹیکشن فورس (RPF) میں شکایت درج کرادی تاہم کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔
معاملہ سوشل میڈیا پر پہنچا تو بھارتی وزارت ریلوے جاگ اُٹھی اور اسکرینوں پر اشتہارات چلانے کی ذمہ دار ایجنسی دتہ کمیونیکیشن سے باز پرس کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایجنسی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور جرمانہ عائد کرکے بلیک لسٹ کردیا گیا۔ ایجنسی کو دیے گئے تمام ٹھیکے بھی منسوخ کردیے گئے۔

شاہ سلمان کی ایرانی صدر کو سعودی عرب دورے کی دعوت، ایران کا خیرمقدم

1-18.png

ریاض / تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شاہ سلمان کی جانب سے سعودی عرب کے دورے کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب سے ملاقات کے لیے تین مقامات تجویز کردیے۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے سیاسی امورمحمد جمشیدی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ سعودی فرمانروا نے صدر ابراہیم رئیسی کو ریاض مدعو کرلیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط معاشی و سیاسی تعاون پر زور دیا ہے۔
محمد جمشیدی کے مطابق ایرانی صدر نے شاہ سلمان کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ایران سعودی عرب سے تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ وہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ ملاقات کے لیے تین مقامات زیرغور ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات سات سال سے منقطع تھے تاہم چین کی کوششوں کے نتیجے میں دس مارچ کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے۔
سعودی عرب نے شیعہ عالم نمرالنمرکی پھانسی کے بعد ایران میں سعودی سفارتکاروں پر مظاہرین کے حملوں کے بعد ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرلیے تھے۔
تاہم تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے سفارت خانے فعال ہوجانے کا امکان ہے۔

افغان طالبان کا بھنگ کاشت کرنے والوں کو شرعی قوانین کے تحت سزا دینے کا فیصلہ

123-784.jpg

امارات اسلامیہ کی حکومت نے افغانستان میں دیگر پابندیوں کے بعد اب بھنگ کاشت کرنے پر بھی پابندی عائد کردی۔

افغان طالبان کے امیر اور سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ملک بھر میں بھنگ کی کاشت ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں بھنگ کی فصل تلف کردی جائے گی اور کاشت کاروں کے خلاف شرعی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
طالبان رہنما کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتوں کو حکم نامے کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف شرعی قوانین کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق افغان کاشت کار سب سے زیادہ پوست کی فصل کی کاشت کرتے ہیں، 2010 میں افغانستان افیم، چرس اورہیروئن فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا تھا۔
اقوام متحدہ کی ڈرگ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں سالانہ دس سے چوبیس ہزار ہیکٹر رقبے پر بھنگ اور پوست کی فصل کاشت کی جاتی تھی۔ افغانستان کے چونتیس میں سے سترہ صوبوں میں منشیات کی فصلوں کی سب سے زیادہ کاشت ہوتی تھی۔
کہا جاتا ہے کہ اقتدار میں آنے سے قبل طالبان جنگجوئوں نے پوست کے کاشتکاروں پر ٹیکسوں کے نفاذ اوراسمگلروں کو محفوظ راہ گزر فراہم کرنے کے عوض کروڑوں ڈالر کمائے۔
واضح رہے کہ افغانستان سے چرس، افیم اور ہیروئن کی تجارت سے اس کے ہمسایہ بشمول پاکستان بھی شدید متاثر ہوئے ہیں جہاں ہر سال بڑی مقدار میں منشیات اسمگل کرکے پہنچائی جاتی ہے۔

آسٹریلیا میں خالصتان ریفرنڈم کے دوران بھارت کے سائبر حملے

123-783.jpg

رسبین: آسٹریلیا میں خالصتان ریفرنڈم رکوانے کیلئے سفارتی میدان میں ناکامی کے بعد بھارت سائبر حملوں پر اتر آیا۔ ووٹنگ کے دوران بھارتی ہیکرز کے حملوں کے سبب تین مرتبہ خلل پڑا۔

اتوار کو ووٹنگ کے آغاز سے قبل ہی پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹ ڈالنے کے خواہشمند افراد کی طویل قطاریں لگ گئیں، ریفرنڈم رکوانے کی تمام تر بھارتی کوششوں کے باوجود ہزاروں سکھوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
بھارت سے آزادی کے حصول کیلئے ریفرنڈم میں شریک سکھوں کا جوش و خروش قابل دید تھا، 2021 سے شروع ہونے والے ریفرنڈم میں برطانیہ کے 7 شہروں سمیت سوئٹزرلینڈ، اٹلی اور کینڈا میں 2 مقامات پر بھی ریفرنڈم ہوچکے ہیں۔
سکھ فار جسٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ برسبین میں ریفرنڈم کے دوران بھارتی حکومت کے ہیکرز حملوں میں ملوث ہونے کے شواہد بھی موجود ہیں، نریندر مودی کا ریفرنڈم رکوانے کے لئے ہر حربہ کا آسٹریلیا میں آباد سکھوں نے بھرپور جواب دیا ہے۔
گرپتونت سنکھ پنوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے بھارت سے آزادی کی آخری جنگ کی کامیابی کی آخری گنتی شروع ہوچکی ہے۔ نریندر مودی کا زوال معصوم سکھوں کے نئے مطالبے سے مربوط ہو چکا ہے اور کچھ بعید نہیں کہ بھارت جلد اندرونی خانہ جنگی کا شکار ہو جائے گا۔
صدر خالصتان کونسل ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے کہا کہ بھارت میں سکھوں کو انتہا پسند ہندو حکومت بنیادی حقوق دینے سے بھی انکاری ہے، یورپ کے مختلف شہروں میں ہونے والے ریفرنڈم میں سکھوں نے بھارت سے آزادی کا فیصلہ سنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ برسبن میں ریفرنڈم سے چند روز قبل خالصتان کے حامی سکھوں کی طرف سے بھارتی قونصل خانے کی گھراو سے کشیدگی پیدا ہوئی تھی، آسٹریلیا نے اپنی نئی ٹریول ایڈوائزری میں شہریوں کو پنجاب اورمقبوضہ کشمیر سمیت متعدد مقامات پر نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ نریندر مودی نے آسٹریلیا میں مندروں پر حملے اور سکھوں کی سرگرمیوں کے معاملات اپنے آسٹریلین ہم منصب کے ساتھ اٹھائے ہیں۔

ایران میں داعش کے دو جنگجوؤں کو پھانسی اور تین کو 25 سال قید کی سزا

123-782.jpg

ہران: ایران میں گزشتہ برس شاہ چراغ کے مزار پر فائرنگ کرکے 15 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں داعش سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کو پھانسی جب کہ 3 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبے فارس کی عدالتوں کے سربراہ کاظم موسوی نے بتایا کہ ان افراد کو سزاؤں کے خلاف اپیل کا حق ہے اگر اپیل میں بھی سزا برقرار رکھی جاتی ہے تو مجرمان کی سزاؤں پر عمل درآمد کردیا جائے گا۔
پھانسی کی سزا پانے والے دونوں مجرموں نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔ دونوں تاجک النسل ہیں اور تعلق داعش افغانستان سے ہے جب کہ ایک حملہ آور زخمی حالت میں پکڑا گیا تھا جو دوران علاج چل بسا تھا۔

Top