لاس اینجلس: ہالی وڈ بلاک بسٹر سپر ہیرو فلم ’شیزام‘ کی کاسٹ نے پاکستانی فلم شائقین کیلئے خصوصی پیغام بھیجا ہے۔
ڈی سی یونیورس کی فلم ’شیزام‘ کا سیکوئیل حال ہی میں ریلیز ہوا ہے اور انہیں معلوم ہے کہ پاکستان میں بھی ان کے فین پائے جاتے ہیں۔
فلم کے سپر ہیرو زچیری لیوی اور دیگر کاسٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی شائقین کو’سلام پاکستان‘ کے الفاظ سے مخاطب کیا ہے۔
ہالی وڈ اداکار زچیری لیوی نے کہا کہ شیزام، واپس آگیا ہے، یہ دنیا کو سب سے برے دشمنوں سے بچانے کی لڑائی لڑ رہا ہے۔
انہوں نے پاکستانی فین سے درخواست کی کہ وہ فلم کی ٹکٹ خریدیں اور سینما میں جاکر ’شیزام‘ کو دیکھیں۔
کراچی: پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ صاحبہ اور افضل خان عرف ریمبو کے بیٹے احسن افضل خان رمضان کے خصوصی ڈرامے سے شوبز میں ڈیبیو کریں گے۔
احسن ا فضل خان نے باضابطہ طور پر اداکاری میں قدم رکھ دیا ہے۔ وہ جلد ہی نجی ٹی وی پر نشر کئے جانے والے رمضان ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظرآئیں گے۔
اس خصوصی ڈرامے میں اداکارہ امر خان اور عمران اشرف مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ رحیم پردیسی بھی ہنسی کا طوفان لیے اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔
ڈرامے کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے جس میں صاحبہ کے بیٹے احسن افضل خان کو مزاحیہ کردار ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ صاحبہ اور ریمبو نے اپنی شاندار آن اسکرین جوڑی اور ہٹ فلموں کے ذریعے فلم انڈسٹری پر سالوں راج کیا ہے۔
کچھ سال پہلے اس جوڑی نے اپنے بیٹوں کو مداحوں سے متعارف کروایا تھا جبکہ اس سے قبل صاحبہ اور ریمبو نے اپنے بچوں کی زندگی کو نجی رکھا تھا۔
علاوہ ازیں احد رضا میر کے بعد آصف رضا میر کے چھوٹے بیٹےعدنان رضا میر بھی رمضان کے خصوصی ڈرامے فیری ٹیل سے پاکستان شوبز میں ڈیبیو کرنے والے ہیں۔
لاہور: پاکستان سپُر لیگ کی میزبان ایرن ہالینڈ کے دیدہ زیب ملبوسات سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
ایرن ہالینڈ کو ہمیشہ ہی پی ایس ایل کی میزبانی کیلئے سب سے پسندیدہ شخصیت قرار دیا جاتا ہے جہاں وہ کھیل کے دوران بہترین انداز میں کھلاڑیوں سے گفتگو کرتی نظر آتی ہیں وہیں ان کے فیشن اور اسٹائل کے بھی سوشل میڈیا پر خوب چرچے رہتے ہیں۔
ایرن کے شوہر آسٹریلین کرکٹر بین کٹنگ بھی پی ایس ایل فیملی کا حصہ ہیں اس خوبصورت جوڑے کو کرکٹ شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جاتا ہے۔
ان دنوں ایرن ہالینڈ پی ایس ایل 8 کی میزبانی کر رہی ہیں جس میں ان کے خوبصورت مشرقی ملبوسات شلوار قمیض سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
ایرن ہالینڈ کا کہنا ہے کہ ان کو پاکستانی ملبوسات سے خاص لگاؤ ہے یہی وجہ ہے کہ ہم انہیں مختلف کھیلوں میں کئی مرتبہ مشرقی ملبوسات زیب تن کئے دیکھتے ہیں۔
حال ہی میں پی ایس ایل میزبان نے لاہور کی بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اس دوران ایرن اپنے شوہر اور دیگر کے ساتھ رکشے میں بیٹھ کر سیر سپاٹے کرتی نظر آئیں۔
ممبئی: بھارت کے لیجنڈری موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان نے کہا ہے کہ انڈیا سے آسکر ایوارڈ جیتنے کیلئے غلط فلمیں بھیجی جاتی ہیں۔
دو بار آسکر جیتنے والے گلوکار اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنس کے ممبر اور آسکر ایوارڈ کے ریگولر ووٹر بھی ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک تازہ انٹرویو میں اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ اکثر ہماری فلمیں آسکر کیلئے بھیجی جاتی ہیں لیکن وہ انعام نہیں جیت پاتیں۔
انہوں نے کہا کہ آسکر کیلئے انڈیا سے غلط فلمیں بھیجی جاتی ہیں اور میں بس اتنا کہوں گا کہ یہ نہیں ہونا چاہئے۔ اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی فلموں کو مغربی نقطہ نظر سے دیکھنا ہوگا لیکن ہم اپنے نقطہ نظر سے ان کے طریقہ کار کو دیکھتے ہیں۔
رواں برس انڈین فلم آر آر آر نے اپنے گانے ’ناچو ناچو‘ پر اور فلم ’دی ایلیفنٹ وسپرز‘ نے ڈاکیومینٹری پر آسکر ایوارڈ جیتے ہیں۔
اے آر رحمان نے ٹویٹر پر آسکر جیتنے والی دونوں فلموں کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔
ممبئی: سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ہاں جلد ایک ننھے مہمان کی آمد ہونے والی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ انڈسٹری سے حال ہی میں اسلام کے خاطر کنارہ کشی کرنے والی اداکارہ ثناء خان نے بتایا کہ وہ جلد ماں بننے والی ہیں۔
ثناء خان کا کہنا تھا کہ ماں بننے ان کے لئے ایک بہت خوبصورت احساس ہے اور وہ جذباتی طور پر بھی اس احساس سے بے جُڑی ہوئی ہیں کیونکہ انہیں زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ رواں سال جون میں ان کے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور وہ اسے اپنی باہوں میں لینے کیلئے بےقرار ہیں۔
یاد رہے کہ فروری کے اوائل میں ثنا خان نے عمرے کی تصاویر پوسٹکرتے ہوئے مداحوں کو ایک خصوصی اعلان کا اشارہ کیا تھا۔
ثناء خان نے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’الحمدللہ بہت مبارک۔ یہ عمرہ کسی وجہ سے بہت خاص ہے جسے ان شاء اللہ میں جلد ہی سب کے ساتھ شیئر کروں گی اللہ آسانی کرے۔‘
خیال رہے کہ اسلام کے خاطر شوبز چھوڑنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے 2020 میں مفتی انس سے شادی کی تھی۔
کراچی: متنازع ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ ہمیشہ مسکراتی نظر آتی ہیں مگر ایک ٹیلی ویژن شو میں میزبان کے سوال پر وہ اتنی جذباتی ہوئیں کہ اُن کی آنکھیں بھر آئیں۔
حریم شاہ نجی ٹیلی ویژن پر معروف پاکستانی ماڈل متھیرا کے شو میں شریک تھیں جہاں متھیرا نے ان سے سوال کیا کہ اپنی نامناسب تصاویر اور ویڈیوز لیک ہونے کے باوجود بھی وہ اسی طرح جذبات سے دور اور ایک عام سی انسان نظرآتی ہیں، وہ اتنی پرسکون کیوں ہیں۔
متھیرا کے سوال پر حریم شاہ نے کہا کہ جذبات کو ٹھیس تو پہنچتی ہے مگر پھر چند لمحات کے بعد ہی ٹک ٹاک اسٹار آبدیدہ ہوگئیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
حریم شاہ اتنی جذباتی ہوئیں کہ انہیں دلاسہ دینے کے لیے متھیرا کو بریک لینا پڑا۔
کراچی: سوشل میڈیا کی معروف شخصیت اور اداکارہ دعا ملک نے نام لیے بغیر اپنی سابق بھابھی علیزہ سلطان کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
دعا ملک نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے بھائی اور اداکار و ماڈل فیروزخان کی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان پر نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر نظر ڈالتے ہوئے میں نے دیکھا کہ لوگ توجہ حاصل کرنے کے لیے کتنے بے چین اور بے قرار ہیں۔
سوشل میڈیا اسٹار نے مزید لکھا کہ مجھے ایسے لوگ نظرآتے ہیں جنہوں نے زندگی میں کچھ نہیں کیا، نہ ان میں کوئی صلاحیت ہے اور نہ ہی وہ کامیاب ہوپائے۔
دعا ملک نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ آخر معاشرے میں یہ ہوکیا رہا ہے، لوگ پیسے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ فیروزخان اور علیزہ سلطان کے درمیان گذشتہ برس ستمبر میں طلاق ہوگئی تھی۔ علیزہ نے اپنے شوہر پر ذہنی و جسمانی تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد ساتھی اداکارائوں کی جانب سے بھی فیروزخان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
کراچی: نوجوان گلوکار کیفی خلیل کے مقبول گیت ’ کہانی سنو‘ نے دنیا کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ اس گیت کو پسند کرنے والوں میں انٹرنیشنل ویمن کرکٹر جویریہ خان بھی شامل ہوگئی ہیں۔
ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی بلے بازی کا لوہا منوانے والی جویریہ خان نے نجی ٹیلی ویژن کے لائیو شو میں میزبان کی فرمائش پر کہا کہ وہ کیفی خلیل کا گیت گانا چاہیں گی۔
جویریہ خان نے گانا شروع کیا توسننے والے ان کی آواز سے بے حد متاثر ہوئے۔ ان کی گائیکی کی جھلک دیکھنے کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ وہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ گائیکی بھی اچھی کرلیتی ہیں۔
ممبئی: بولی وڈ اداکار رنبیر کپور’میم ایکسپرٹ ‘ بن گئے اور انہوں نے کئی فلموں کے مقبول عام ڈائیلاگز پر مبنی میمز بنا ڈالی۔
اداکار رنبیر کپور کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کچھ فلموں کے معروف سین اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں نقل کرتے نظر آرہے ہیں۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ تو جھوٹی میں مکار‘ کی تشہیر میں مصروف بھارتی اداکار نے وائرل ویڈیو میں ہالی وڈ اداکار رامی ملک کی ’ہیکرمین‘ سے لے کر نامور اداکار ناناپاٹیکر کی فلم ’ ویلکم ‘ کے مقبول عام ڈائیلاگ ’ کنٹرول ادے کنٹرول‘ پر بھی میم بناڈالی۔
رنبیر کپور نے اپنی اہلیہ اور مشہور اداکارہ عالیہ بھٹ کو بھی نہیں بخشا اورعالیہ کی فلم ’ رازی ‘ کے ڈائیلاگ ’ مجھے گھر جانا ہے‘ کے سین کو عالیہ کی طرح روتے ہوئے انداز میں دہرایا۔
راک اسٹار، برفی اور سنجو جیسی فلموں میں متاثر کن اداکاری سے نام کمانے والے اداکار کی یہ مزاحیہ ویڈیو بہت پسند کی جارہی ہے اور انٹرنیٹ کے صارفین اس پر دل چسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔
ممبئی: سابق پاکستانی کرکٹر محسن حسن خان نے ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ اور اپنی سابقہ اہلیہ رینا رائے سے طلاق کے بارے میں بالآخر برسوں بعد خاموشی توڑ دی۔
نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران محسن حسن خان نے رینا رائے سے شادی کے خاتمے کے بارے میں لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ رینا سے تعلق کے خاتمے پر مجھے کوئی افسوس اور پچھتاوا نہیں ہے۔
محسن حسن خان نے مزید کہا کہ میں نے ایک مشہور اداکارہ سے نہیں بلکہ ایک انسان سے شادی کی تھی۔ مجھے اس سے کوئی غرض نہیں تھی کہ ان کی سماجی حیثیت کیا تھی اور ان کا تعلق کہاں سے تھا۔
شادی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ یہ ملک میری شناخت ہے اور یہی بات ہم دونوں کے درمیان پہلی دوریوں اور پھر رشتے کے خاتمے کی وجہ بنی۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ اس بات پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں ہوتا کہ میں نے رینا رائے کی کوئی فلم نہیں دیکھی تھی کیونکہ مجھے فلمیں دیکھنے کا شوق ہی نہیں تھا۔
واضح رہے کہ 70 اور 80کی دہائی میں بولی کی مشہوراداکارہ رینا رائے نے خوب رو پاکستانی کرکٹر سے 1983میں اس وقت شادی کی جب وہ سلور اسکرین پر چھائی ہوئی تھیں، مگر پاکستان میں رہنے کے معاملے پر جوڑے کے درمیان اختلافات ہوگئے تھے جو طلاق کا سبب بنے۔