اساتذہ کی ترقیاں کارکردگی سے مشروط(تعلیم وصحت شعبوں کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرینگے،وزیراعلی

g8-3.jpg

گلگت(بادشمال نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے دیامر کے 19 سکولوں میں آئی ٹی لیب اور لائبریئریز کا آن لائن افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی روشن مستقبل کیلئے لازمی بن چکا ہے۔ سکولوں کی سطح پر لائبریئری اور آئی ٹی لیب کے قیام کا مقصد بچوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا ہے۔ گلگت بلتستان کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی دیگر صوبوں سے زیادہ اہم ہے۔ معاشرے میں کامیاب انسان بننے کیلئے اخلاقیات ، لیٹریچر اور حب الوطنی سے متعلق کتب لائبریئریزمیں رکھے جائیں تاکہ ہمارے بچے ان لائبریئریز سے بہتر انداز میں استفادہ حاصل کرسکے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے قومی زبان میں لیٹریچر پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبائی سیکریٹری تعلیم اور ڈائریکٹر ایجوکیشن دیامر کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے سرکاری سکولوں میں قائم کئے جانے والے آئی ٹی لیب اور لائبریئریز کو فعال رکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلب علم ان سے استعفادہ حاصل کرسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے دیامر کے سرکاری سکولوں کے مایوس کن کارکردگی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ اساتذہ کی ترقیاں سکولوں کے رلزٹ اور ان کی کارکردگی سے مشروط کی جائیں۔ سزاء و جزاء کا سخت نظام متعارف کرائیں تاکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی حکومتی سطح پر کی جائے اور خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تعلیم اور صحت کے شعبے کو بہتربنانے کیلئے سخت فیصلوں سے گریز نہیں کریں گے۔ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی بھرپور حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس موقع پر گوگل کے نمائندے کی جانب سے گلگت بلتستان میں تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کرنے کا یقین دلایا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو چیف سیکریٹری نے آئی ٹی لیب اور لائبریئریزکے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

شیئر کریں

Top