اسلام آباد ،گلگت بلتستان معدنی ذخائر کو دنیا میں روشناس کرانے کیلئے نمائش شروع

g31-1.jpg

اسلام آباد(بادشمال نیوز)گلگت بلتستان کے پوشیدہ قیمتی پتھروں اور معدنیات کے ذخائر کو دنیا کو روشناس کرانے کے لئے حکومت گلگت بلتستان دو روزہ نمائش کا انعقاد (27 جولائی سے 28 جولائی 2022) سینٹورس اسلام آباد میں کر رہی ہے۔محکمہ مائنز اینڈ منرلز گلگت بلتستان کا اس نمائش کے انعقاد میں مرکزی کردار ہے۔اس نمائش کے پہلے دن قائمقام گورنر جی بی سید امجد علی زیدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے نمائش کے انعقاد پر جی بی حکومت بالخصوص محکمہ معدنیات کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ جی بی کے قیمتی پتھروں کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس نمائش کو دی سینٹورس اور پاکستان جیم اسٹون اینڈ منرل ایسوسی ایشن (PGMA) نے تعاون فراہم کیا ہے۔ سینٹورس کی جانب سے نمائش کے منتظمین جن میں سردار تنویر الیاس خان، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر سردار یاسر الیاس خان اور گروپ ڈائریکٹر ڈاکٹر سردار راشد الیاس خان نے مذکورہ فیسٹیول کی منصوبہ بندی، انعقاد اور اسے چلانے میں اہم کردار ادا کیا۔نمائش کا مقصد گلگت بلتستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے کو فروغ دینا ہے توقع ہے کہ یہ نمائش گلگت بلتستان کے معدنیات کو دنیا سے متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔وزیر اعلی گلگت بلتستان دوسرے روز نمائش کا دورہ کرینگے۔نمائش میں نصیر الدین روپانی سمیت نامور بین الاقوامی تاجروں نے بھی شرکت کی ۔

شیئر کریں

Top