اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اصل چوہا عمران خان ہیں جو آٹا، چینی، لوگوں کا سکون اور پاکستان کی ترقی کو کھاگیا۔
گوجرانوالہ میں حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان خود کو بچانے کے لیے سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں جس پر انہیں شرم آنی چاہیے، یہی وسائل اگر عوامی سہولیات اور مہنگائی پر لگاتے تو بہتر ہوتا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان قوم کے ٹیکس کا پیسہ جلسوں پر خرچ کررہے ہیں جس کا ان سے حساب لیا جائے، آپ امر بالمعروف پر جلسے کی بات کرتے ہیں، لوگوں سے کہا جارہا ہے کہ اگر آپ کو نبی کریمﷺ سے محبت ہے تو اس جلسے میں آئیں، یہ کیا طریقہ ہے؟
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کا نام ہمیشہ کے لیے عمران خان کے لیے مختص ہونا چاہیے مولانا فضل الرحمان کے لیے نہیں، کیوں کہ ڈیزل کی قیمت سب سے زیادہ ان ہی کے دور میں بڑھی۔
بلاول کی اردو پر تنقید کے جواب میں مریم نے کہا کہ بلاول اردو سیکھ سکھا یا نہیں لیکن آپ 75 سال میں تمیز نہیں سیکھ سکھے، آپ کو یہ تک نہیں پتا کہ آپ ٹی وی پر کھڑے ہو کر کیا کہہ رہے ہیں؟ آپ ہمارے بڑوں کو چوہا کہہ رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ 2018ء میں سب سے بڑے چوہے آپ ہیں جو سلیکٹ ہو کر آئے اور اسپیکر کے ذریعے عدم اعتماد کی تحریک کو آگے بڑھا رہے ہیں، اصل میں عوام کا آٹا چینی کھانے والا چوہا آپ ہیں، یہ وہ چوہا ہے کہ جو لوگوں کا سکون کھاگیا، یہ وہی چوہا ہے جو پاکستان کی ترقی کو کھاگیا۔
مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کو کرپٹ کہہ کر کرپشن کارڈ استعمال کرنے والے، چینی اور آٹا اسکینڈل سمیت ادویات اسکینڈل آپ ہی کا پیدا کردیا ہے اور آپ کہتے ہیں میں آلو پیاز کے نرخ معلوم کرنے کے لیے نہیں آیا، بتائیں یہ کون سا امر بالعروف ہے؟ اللہ کی شان ہے کہ جس ڈی چوک سے آپ شروع ہوئے وہیں اسی ڈی چوک پر آپ واپس پہنچے ہیں اس میں کون عالمی سازش نہیں بلکہ لوگوں کی بددعائیں ہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ آپ لوگوں سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ واپس آجاؤ اور کہتے ہیں کہ یہ لوٹے ہیں، یہ وہی لوٹے ہیں جو گزشتہ ساڑھے تین سال سے آپ کے ساتھ تھے، سب سے پہلے آپ کی پارٹی نے ہی آپ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، کیا آپ کے دو درجن ایم این ایز کو امریکا نے کہا تھا کہ ساتھ چھوڑ دیں؟ جہاں سے آپ کی پارٹی آئی تھی راتوں رات وہاں سے واپس چلی گئی، آپ کے لیے جہاز بھر بھر کر ایم این اے لانے والے ہی ساتھ چھوڑ گئے اور آپ کہتے ہیں امریکی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس کون سا ٹرمپ کارڈ ہے؟ آپ کے پاس ایک ہی کارڈ ہے کہ استعفی دیں اور گھر جائیں اور ہمیشہ کے لیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے پاکستان چھوڑ جائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ دوسروں کو کرپٹ کہنے والا خود کرپشن میں ملوث ہے، آپ کی پارٹی نے تسلیم کیا کہ فارن فنڈنگ پر جھوٹ بولا گیا، اسکینڈلز کا باپ یعنی فرح نامی خاتون جب منظر عام پر آئے گی پتا چل جائے گا، اس کے شواہد موجود ہیں، عمران خان چالاک لومڑی بننے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اسی دھرتی کے بیٹے ہیں اور واپس آئیں گے، نواز شریف، شہباز شریف سمیت لیگی رہنماؤں نے جیلیں برداشت کیں لیکن عمران خان آپ ایک دن بھی جیل برداشت نہیں کرسکتے، جس دن منہ کھولا اور سچ سامنے آیا تو جیل جائیں گے، سب شواہد موجود ہیں، عمران خان بھاگنے والے ہیں لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔