اقتدار سے الگ ہوتے ہی تحریک انصاف والے کھلے غداری پر اتر آئے،سعدیہ دانش

12345-223.jpg

گلگت(بادشمال نیوز)پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و رکن اسمبلی سعدیہ دانش نے گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے ملکی سلامتی کے اداروں اور عدالت عظمی کے خلاف مہم انتہائی افسوناک اور خطرناک ہے۔ ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اپوزیشن کی جماعتوں کی جانب سے عدم اعتماد کو کامیاب بنانے پر انکو غدار قرار دینے والے خود کھلے عام غداری پر اتر آئے ہیں۔ تحریک انصاف نے ملک کی نوجوان نسل کو گالم گلوج اور تشدد کی سیاست کے جس راستے پر ڈال دیا ہے وہ نہایت بدقسمتی کا مقام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظالم و جابر حکومت کے خاتمے پر ملک بھر کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ خصوصا آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح سے پارلیمان کے اندر رہتے ہوئے آئینی طریقے سے عدم اعتماد کے ذریعے حکومت کو ہٹانے کے لئے جو جدوجہد کی اور تمام سیاسی جماعتوں کو متحد کیا وہ جمہوریت کی بہترین مثال ہے آئینی اور جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ نئی حکومت کی جانب سے ملکی نظام سنبھالنے پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انشا اللہ مشترکہ حکومت ملک کو معاشی بحران اور سفارتی تنہائی سے نکالے گی۔ اور ایک بہترین خارجہ پالیسی ہی وقت کی اہم ضرورت ہے نئی حکومت نے آتے ہی ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا جو کہ خوش آئیند بات ہے۔ گھٹن اور مایوسی کا دور ختم ہو چکا ہے انشا اللہ اب تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔ نئے حکومت کے آتے ہی معاشی اشاریے مثبت ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں قابلِ ذکر اضافہ ہو رہا ہے اور سٹاک مارکیٹ بھی بہت بہتر ہو رہی ہے۔

شیئر کریں

Top