اے کے آر ایس پی کی جانب سے متاثرین میں امداد تقسیم

g7-11.jpg

سکردو( بیورو رپورٹ)روندو زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے موضع تلو میں 115 متاثرین زلزلہ اور مستحق خاندانوں میں امدادی اشیا تقسیم کئے گئے۔ امدادی سامان میں روزمرہ اشیائے صرف اور کھانے پینے کی اشیا شامل تھیں۔ ریجنل پروگرام منیجر آغا خان رورل سپورٹ پروگرام صداقت حسین اور معروف عالم دین مولانا صادق نے مستحقین میں امدادی سامان تقسیم کئے۔ اس موقع پر متاثرین کی داد رسی اور بروقت اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر مولانا صادق نے آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ان کے علاقے میں اے کے آر ایس پی کی طرف سے ماضی میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کا ادراک ہے انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں انہیں اس ادارے سے بڑی توقعات تھیں اور ان کی بجاآوری کی خاطر ان کے سربراہ کی آمد اور امداد کی فراہمی بڑی خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر عوامی املاک کے نقصان کے ازالے اور انتظامی ڈھانچے کی بحالی و تعمیر نو میں بھی یہ ادارہ اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے عوام اور متاثرین زلزلہ کی جانب سے اے کے آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آر پی ایم صداقت حسین نے کہا کہ ان کا ادارہ بلا تفریق خدمات کی فراہمی، معیاری انتظام کاری اور شفافیت پر یقین رکھتا ہے۔ درست اور بروقت معلومات کے حصول اور مستحقین کی نشاندہی کیلئے ہماری ٹیم نے انتظامیہ، علما اور متاثرین کے پاس کر جا کر بہت مشکل حالات میں یہ اہم کام سرانجام دیا ہے۔ روندو کے دشوار گزار اور دور افتادہ علاقوں میں گھر گھر پہنچنا موسم کی سختی اور مخدوش انتظامی ڈھانچے کے ساتھ ایک جوکھم بھرا کام تھا مگر ہمدردی اور احساس کے ساتھ ساتھ اپنائیت کا جذبہ لے کر متاثرین تک پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ادارہ انتظامیہ کے تعاون سے امداد کا یہ سلسلہ جاری رکھے رگا اور آنے والے دنوں میں تلو بروق، سبسر، ملیار، باچی گونڈ، یلبو اور سلبو گاوں کے متاثرین کی بھی امداد کی جائے گی۔ انہوں نے ادارے کے ساتھ تعاون پر علما، انتظامیہ، سماجی کارکنان اور مقامی کمیٹیوں کے ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔

شیئر کریں

Top