گلگت(بادشمال نیوز) ڈپٹی کمشنر گلگت اسامہ مجید چیمہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس رمضان المبارک کے حوالے سے منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر گلگت،اسسٹنٹ کمشنر دنیور، اسسٹنٹ کمشنر عملدرآمد گلگت، ضلعی انتظامی آفیسر ڈی سی آفس گلگت،اسسٹنٹ کمشنر U.T تحصیلدار گلگت، تحصیلدار دنیور اور تحصیلدار ایل آر گلگت نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر گلگت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گلگت میں رمضان المبارک میں بلیک مارکیٹنگ ذخیراندوزی کرنے والوں کو کبھی نہیں بخشا جائیگا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر گلگت نے تینوں سب ڈویژنوں اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہد ایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے سب ڈویژنوں میں ماہ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں بلیک مارکیٹنگ اور ذخیر اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے اور پرائس کنٹرول لسٹ پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں اور شکایات سیل آفس قائم کئے گئے ہیں ان شکایات سیل کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے کر فوری طور پر ایکشن لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ اس کے علاوہ سبزی پھلوں کی قیمتوں کو بھی کنٹرول کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کا لائیں۔