عدم اعتماد کی کامیابی آئین و قانون اور جمہوریت کی فتح ہے،سعدیہ دانش

sadia-1.jpg

گلگت (بادشمال نیوز) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و رکن گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی کامیابی آئین و قانون اور جمہوریت کی فتح ہے۔ قومی اسمبلی میں انا، تکبر، غرور اور گھمنڈ کو شکستِ فاش ہوئی۔ ملک کے تمام اداروں نے آئین کی پاسداری کی۔ پوری قوم کو مہنگائی اور بے روزگاری مافیا سے نجات پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی قصہِ پارینہ بن چکے اور تحریک انصاف کا صفایا ہو چکا ہے۔ سابق کٹھ پتلی سرکار جمہوریت کے وجود پر ایک دھبہ تھی جسے متحدہ اپوزیشن نے آئینی طریقے سے دھو ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیازی سرکار کے خاتمے پر مہنگائی اور بیروزگاری کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور ملک بھر میں یوم نجات اور جشن منایا جا رہا ہے۔ ساڑے تین سالہ اقتدار میں عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے اور سبز باغ دکھانے کے علاہ کچھ نہیں کیا گیا۔ ملک کی معیشت کا ستیاناس کر کے خوشحالی کے خواب دکھائے گئے اور عوام پر مسلسل مہنگائی کے بم گرائے جاتے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرپرائز کے نام پر آئین و قانون کا جو کھلواڑ کیا گیا اس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انشا اللہ متحدہ اپوزیشن سب سے پہلے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے گلگت بلتستان میں بھی تحریکِ عدمِ اعتماد کی تیاریاں جاری ہیں بہت جلد گلگت بلتستان کے عوام کو بھی ان کٹھ پتلیوں سے نجات دلائیں گے۔

شیئر کریں

Top