گلگت (بادشمال نیوز)گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام اور گلوبل بزنس اور حلال فوڈ انڈسٹری کے سی ای او ڈاکٹر مبشر بھٹی کے مابین ایک اہم اور تفصیلی میٹنگ جی بی آر ایس پی کیمپ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ سی ای او عبدالطیف نے اپنی ٹیم کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں شامل پروفیشنلز روز اول سے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں اور یہی ہمارا مقصد بھی ہے کہ گلگت بلتستان سے غربت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔ جنرل منیجر اشفاق احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قدرت نے گلگت بلتستان بھر میں بے شمار پھل فروٹ اور سبزیات کا ذخیرہ چھپا رکھا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان چھپے ہوئے ذخائر کو دنیا کے سامنے لایا جائیگا تاکہ گلگت بلتستان کی ترقی میں کوئی امر مانع نہ ہو۔ پھل فروٹ اور سبزیات صحیح طریقے سے دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہوتے ہیں اگر انکی پراسیسنگ پر تھوڑی بہت توجہ دی گئی تو اربوں کے حساب سے زر مبادلہ ملک میں لایا جاسکتا ہے۔ سی ای او ڈاکٹر
مبشر بھٹی نے تفصیلی طور پر کی گئی بات چیت سننے کے بعد کہا کہ جی بی آر ایس پی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ان کاوشوں میں مزید نکھار لانے کی ضرورت ہے تاکہ گلگت بلتستان میں پائی جانے والی زرعی اجناس کو
باقاعدہ مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد اس قابل بنایا جا سکتا ہے کہ کاروبار سے منسلک افراد منہ مانگی قیمت کے عوض ایکسپورٹ کر سکیں۔ ضروری مراحل سے گزار کر جو معیار سامنے آئیگا اس کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کیلئے ہمارا ادارہ ہر ممکن تعاون کیلئے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے لوگوں کی معیار زندگی میں نمایاں تبدیلی لانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہے گا تاکہ قدرتی طور پر اگنے والی اجناس سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے معیشت کو منظم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ادارہ اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہے اور مستقبل قریب میں جی بی آر ایس پی کے ساتھ ملکر اجتماعی طور پر اقدامات اٹھانے کی بھر پور یقین دہانی کراتا ہوں۔ آخر میں سی ای او عبدالطیف نے ڈاکٹر مبشر بھٹی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کا سونیئر بھی پیش کیا۔
فروٹ کی پراسیسنگ ،جی بی آر ایس پی چیف ایگزیکٹو متحرک ،اسلام آباد میں ملاقاتیں
