فلٹریشن پلانٹس واساکے حوالے ،عوام کوسہولیات فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کرینگے،وزیراطلاعات

download-3.jpg

گلگت(بادشمال نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی وترقی فتح اللہ خان کی خصوصی کاوش پر فلاحی ادارہ ہیلپنگ ہینڈ کے تعاون سے جگلوٹ سٹی میں دو فیلٹریشن پلانٹس کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقیات فتح اللہ خان نے ہیلپنگ ہینڈ کی علاقے میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جگلوٹ شہر میں صاف پانی کی عدم فراہمی کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کر گیا تھا، چنانچہ اس مسلہ کے پائیدار حل کیلئے ہیلپنگ ہینڈ کے کنٹری ہیڈ سے رابطہ کرکے جگلوٹ میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کیلئے قائل کیا گیا اور میں اپنی طرف سے اور علاقے کے تمام عوام کی جانب سے ہیلپنگ ہینڈز کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے قلیل مدت میں فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا اور اب جگلوٹ کے عوام کو صاف پانی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جگلوٹ کے عوام نے بھی صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب پر وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقیات فتح اللہ خان اور ہیلپنگ ہینڈز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوام کے مطالبے پر فوری طور پر صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر فتح اللہ خان نے اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ کو ہدایت جاری کر دی کہ فلٹریشن پلانٹس واسا کی تحویل میں دینے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ فلٹریشن پلانٹس کو فعال رکھ کر عوام کو صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صاف پانی کی فراہمی انسانی صحت کیلئے ناگزیر ہے اور آلودہ پانی سے انسانی صحت کیلئے مضر ہوتا ہے اور وبائی امراض پھیلنیکا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ صاف پانی محفوظ زندگی کی ضمانت ہے اور محکمہ واسا عوام کو پینے کے صاف پانی کے فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس کو فعال رکھے اور عوام کی بنیادی ضرورت کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

شیئر کریں

Top