نیازی نوسرباز،نوجوانوں کوگمراہ کررہاہے ،اپوزیشن لیڈر

download-9.jpg

گلگت(بادشمال نیوز)قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چودہ اگست ایک تاریخی دن ہے جب وطن عزیز پاکستان کے خواب کی عملی تعبیر ممکن ہوئی۔ برصغیر کے مسلمانوں نے بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد قائدِ اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں آزادی حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی آزادی کی خاطر قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان قائد اعظم کی امنگوں اور علامہ اقبال کے خوابوں کی عملی تعبیر ہوگا۔ ہم میں سے ہر ایک نے ملک کی بقا و سلامتی اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کو جوہری طاقت اور میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی جس کی بدولت آج دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سیاسی نوسرباز عمران نیازی آج حقیقی آزادی کے نام پر نوجوان نسل کو گمراہ کر رہا ہے اور سیاسی جہاد کے نام پر فساد برپا کرنے کے درپے ہے۔ حکومت کے خاتمے کے بعد عمران نیازی اور اسکے چیلے مکمل طور پر بوکھلا گئے ہیں اور ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگل رہے ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پوری قوم ملکی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ غیر ملکی سازش کا ڈرامہ رچانے والا اسی ملک کے سفیر سے چوری چھپے کال کر کے معافیاں مانگ رہا ہے اور کے پی کے حکومت کے گئے گاڑیاں وصول کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کے اپنے بچے غیر ملکی شہریت رکھتے ہیں اور اسکی سابقہ کابینہ کے اکثر اراکین بھی غیر ملکی شہریت رکھتے تھے اس کے منہ سے غیر ملکی سازش کی باتیں سنگین مذاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔ عمران نیازی اس قابل ہی نہیں کہ کوئی ملک اسکے خلاف سازش کرے۔ جس شخص نے پونے چار سالہ اقتدار میں انڈوں، مرغیوں اور کٹوں کے مشورے دینے کے سوا کچھ نہیں کیا اسکے خلاف کون سازش کرے گا۔

شیئر کریں

Top