پشتنی باشندگان گلگت کا دعوی مسترد ، بارگو پائین کے عوام کا شاہراہ غذر پر دھرنا

g12.jpg

گلگت(سپیشل رپورٹر)گلگت میں زمینوں کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا کنوداس ،سکار کوئی ،ہرلی کی زمین پر پشتنی باشندگان گلگت کے دعوی کو مسترد کرتے ہوئے بارگو پائین کے عوام سڑکوں پر آگئے شاہراہ غذر بلاک کرکے دھرنا دیدیا اہل بارگو نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کنوادس ،سکارکوئی اور ہرلی کی زمینوں پر گلگت کے پشتنی باشندگان کا کوئی حق نہیں بارگو سے لیکر کے آئی یو تک دریا پار زمینوں کا حق بارگو کے عوام کا ہے ہم اپنا حق کسی بھی صورت احتجاجی جتھوں کے ہاتھوں ہتھیانے نہیں دیں گے بارگو کے عوام نے اعلان کیا ہے کہ تحصیل انتظامیہ کو تحریری طور پر درخواست دیدی گئی ہے اور مقامی انتظامیہ نے ہمارے حقوق کا تعین نہیں کیاتو احتجاج میں شدت لائی جائیگی دوسری طرف پشتنی باشندگان گلگت کا چوتھے روز سے احتجاج جاری ہے جن کا موقف ہے کہ کنواس کی زمینوں پر گلگت کے پشتنی باشندگان کاحق ہے اور انتظامیہ کی طرف سے خلاف قانون کئے گئے انتقالات فوری منسوخ کئے جائیں جبکہ جمعہ کے روز اہل یادگار کشروٹ نے یاد گار گلگت کے قریب ڈپٹی کمشنر آفس سے ملحقہ زمین پر قبضہ کے خلاف شہر کی مصروف ترین شاہراہ کو بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا اور ڈپٹی کمشنر گلگت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی اس موقف پر مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ ڈپٹی کمشنر گلگت ڈی سی آفس سے ملحقہ زمین پر قابض ہوناچاہتے ہیں جوکہ عوام کے حق پر ڈاکہ کے مترادف ہے عوام اپنا حق چھین کر لیں گے مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھائے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر گلگت کے خلاف نعرے درج تھے ۔دوسری طرف ضلع گلگت میں اچانک سے زمینوں کے تنازعات میں شدت آنے کے بعد جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے جلسے جلوسوں سے شہری پریشان ہونے لگے ہیں وہی پر مقامی انتظامیہ اور حکومت نے چپ کا روزہ رکھ لیا ہے ۔

شیئر کریں

Top