امیتابھ بچن نے گووندا کو تھپڑ مارنے کی دھمکی کیوں دی؟

govindaamitabhbachan.jpg

امیتابھ بچن نے گووندا کو تھپڑ مارنے کی دھمکی کیوں دی؟

بالی ووڈ کے کامیڈی کنگ گووندا نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ امیتابھ بچن نے انہیں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران تھپڑ مارنے کی دھمکی دی تھی۔
بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور کامیڈی کنگ کہلائے جانے والے گووندا دونوں بھارتی فلم انڈسٹری کے شاندار اداکار ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر میں کئی سپر ہٹ فلمیں دیں۔ یہ دونوں اسٹارز فلم ’’بڑے میاں چھوٹے میاں‘‘ کے لیے بھی اکٹھے ہوئے تھے جس نے باکس آفس پر کافی پزیرائی حاصل کی تھی۔
اس فلم کی کامیابی کے پیچھے کئی عوامل تھے جیسے کہ بہترین اداکار، گانے، کامیڈی اور مادھوری ڈکشٹ کا سپر ہٹ گانا ’’مکھنا‘‘ وغیرہ۔ تاہم فلم کے بارے میں ایک چھوٹی سی بات جس سے زیادہ تر لوگ واقف نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گووندا نے ایک بار ایک انٹرٹینمنٹ پورٹل کو دئیے گئے انٹرویو میں فلم کی شوٹنگ کے دوران بگ بی کے ساتھ ایک واقعے کے بارے میں بات کی تھی۔ اداکار نے انکشاف کیاتھا کہ ایک خاص گانے کی شوٹنگ سے قبل امیتابھ بچن ان کے پاس آئے تھے اور انہیں دھمکی دی تھی کہ اگر یہ فلم باکس آفس پر نہیں چلی تو وہ انہیں تھپڑ ماریں گے۔
بظاہر گووندا امیتابھ بچن کی دھمکی سے ڈر گئے تھے، یہاں تک کہ انہوں نے شوٹنگ بھی کینسل کردی تھی۔ انٹرٹینمنٹ پورٹل کی رپورٹ کے مطابق گووندا فلم میں کسی خاص گانے کے قائل نہیں تھے انہیں لگ رہا تھا کہ یہ گانا لوگوں کو پسند نہیں آئے گا جس کی وجہ سے شوٹنگ میں بھی تاخیر ہوئی۔
گووندا نے انٹرویو کے دوران مزید بتایا کہ فلم کے ہدایت کار ڈیوڈ دھون ان کے پاس آئے اور ان سے پوچھا کہ آپ کو اتنا یقین کیوں ہے کہ یہ گانا نہیں چلے گا۔ اور اس وقت گووندا نے ڈیوڈ دھون کو بتایا کہ بگ بی نے انہیں تھپڑ مارنے کی دھمکی دی ہے جس کے بعد ان دونوں نے فیصلہ کیا کہ یہ گانا صحیح نہیں ہے۔ گووندا نے مزید بتایا بعد ازاں ان کی ٹیم نے فیصلہ کیا جب تک فلم کے لیے کوئی اچھا گانا نہیں مل جاتا وہ شوٹنگ نہیں کریں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بعد میں انہوں نے فلم کے لیے خصوصی گانا ’’مکھنا‘‘ شوٹ کیا جس میں مادھوری ڈکشٹ نے امیتابھ بچن اور گووندا کے ساتھ پرفارم کیا تھا اور یہ گانا لوگوں کو بے حد پسند آیا تھا۔

شیئر کریں

Top