بھارت میں مسافر بردار طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا؛ ہنگامی لینڈنگ

2344180-indianplaneemergencylanding-1656848130-983-640x480-1.jpg

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت سے جبل پور جانے والا مسافر بردار طیارہ پائلٹ کی حاضر دماغی کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی سے جبل پور جانے والے مسافر بردار طیارے کو ٹیک آف کے فوری بعد ہی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ کنٹرول ٹاور کو پائلٹ کی جانب سے انتہائی ایمرجنسی کے وقت دیا جانے والا پیغام ’’مے ڈے کال‘‘ موصول ہوئی تھی۔
طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کے بعد خالی کرالیا گیا۔ تمام مسافر اور عملہ خیریت سے ہیں۔ مسافروں کو دوسری پرواز کے ذریعے جبل پور روانہ کردیا گیا۔
ایئرلائن کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے ٹیک آف کے فوری بعد کیبن میں دھواں بھرگیا جس پر پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں کیبن میں دھواں بھرجانے کی وجہ طیارے کے بائیں انجن سے تیل کا اخراج معلوم ہوا ہے تاہم حتمی طور انکوائری مکمل ہونے پر کچھ کہا جا سکتا ہے۔

شیئر کریں

Top