ترکی میں کیلے کھانے پر 8 شامی مہاجرین جلاوطن

268093_5742517_updates.jpg

ترکی نے 8 شامی مہاجرین کو کیلے کھاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے باعث ملک بدر کر دیا۔

شام میں کئی سالوں کی خانہ جنگی کے باعث متعدد شہریوں نے ترکی میں رہائش اختیار کر رکھی ہے، معیشت مضبوط نہ ہونے اور شرح آبادی میں اضافے کے باعث ترکی کو مالی مسائل کا بھی سامنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک شامی طالبہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر درجنوں کیلے کھانے کی ویڈیو شیئر کی گئی جو وائرل ہوگئی، ویڈیو پر ترک شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ یہاں کہ شہریوں کو ایک کیلا کھانا نصیب نہیں ہوتا اور یہ مہاجرین ہونے کے باوجود اتنے کیلے کھا رہی ہے۔

شامی طالبہ کی حمایت میں دیگر مہاجرین نے بھی کیلے کھانے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں جو ترکی کے شہریوں کے غصے کو ہوا دینے کی وجہ بنیں۔

کئی ترک شہریوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مشورہ دیا کہ اپنے ملک (شام) واپس لوٹ جاؤ اور اپنی سرزمین کو بچانے کیلئے جنگ میں حصہ لو۔

سوشل میڈیا کی تصاویر اور ویڈیوز سے شروع ہونے والا معاملہ طول پکڑ گیا یہاں تک کہ ترک حکومت کو مذکورہ مہاجرین کو حراست میں لینا پڑا۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ ان مہاجرین کو جلاوطن کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اور اب انہیں شام واپس بھیجنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں

Top