شہید یا غازی کو عزت دینا معاشرے کا فرض ہے ،لیاقت ملک

Untitled-1-copy-10.jpg

سکردو(بیورو رپورٹ)علاقہ اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال کر زندگی کے تیس چالیس سال گزارنا کوئی آسان کام نہیں جو غلام رضا نے آج کر دکھایا ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے تھانہ ائیرپورٹ میں مدت ملازمت پورا کرکے پنشن جانے والے پولیس اہلکار غلام رضا کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کوئی بھی سرکاری ملازم خاص طور پر فورس سے وابستہ ملازمین اپنا آج ملک وقوم اور علاقے کے پر امن شاندار اور روشن مستقبل کیلئے صرف کرتے ہیں۔ محکمہ پولیس کے اہلکار رات دن گرمی سردی اور مشکل آسان میں ہمیشہ ملک وقوم کی خدمت میں مصروف رہتے اسی دورانئیے میں کئی اہلکار شہید ہو جاتے ہیں تو سینکڑوں اہلکار زندگی بھر کیلیے معذور ہو جاتے ہیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے کہا کسی بھی سرکاری ادارے سے وابستہ شہید یا غازی کو عزت دینا معاشرے کا فرض ہے انہوں نے معاشرے کیلیے قربانی دیا ہے نہ کہ اپنی ذات کیلیے۔ برقیات کے لائین مین نے جان دی ہے تو لوگوں کے گھروں کو روشنی دینے کیلیے روڈ تعمیر کرنے والے انجینئر یا روڈ قلی نے جان دی ہے تو معاشرے کیلئے رسل و رسائل کی سہولت پہنچانے کیلئے۔ تنقید کرنا سب سے آسان کام ہے عملا کر دکھانا مشکل کام ہے۔ پولیس اہلکار پنشن جانے کے بعد بھی کمیونٹی پولیسنگ میں حصہ لیکر محکمہ پولیس اور عوام کے مابین پل کا کردار ادا کرتے ہیں آج غلام رضا پنشن گیا تو اس مطلب یہ نہیں کہ اس کا تعلق محکمے سے ختم ہوگیا ہے بلکہ اب غلام رضا کی زمہ داریاں بڑھ گئیں ہیں۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ ائیرپورٹ غلام نبی نے کہا غلام رضا نے فرض شناسی اور احساس زمہ داری کا عملی نمونہ بن کر سروس مکمل کیا ہے ان کی شرافت دیانت داری اور ایمانداری کا ثبوت آج کا یہ جم غفیر ہے وگرنہ ایک چھوٹے ملازم کی پنشن پر اس قدر لوگ جمع نہیں ہوتے۔ ڈی آئی جی بلتستان پنشن جانے والے پولیس اہلکار غلام رضا کو ہار پہنایا اور یادگاری پولیس شیلڈ بھی تحفتا پیش کیا۔ پولیس آفیسران و جوانان اور سیاسی وسماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے غلام رضا کو ہار پہنایا۔ انہیں ڈی آئی جی بلتستان نے اپنی گاڑی میں خود پورے اعزاز کے ساتھ گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں گھر تک پہنچایا اور پنشن کے بعد پورے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شیئر کریں

Top