عمران خان جن ججز کے کندھے پر بیٹھ کر آنا چاہ رہا ہے وہ کندھے نہیں رہیں گے، مریم نواز

123-697.jpg

ساہیوال: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پہلے گھڑی چور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرو پھر الیکشن ہوگا۔

ساہیوال میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کا سال ہے، الیکشن ضرور ہوگا اور شیر بھاری اکثریت سے جیتے گا، الیکشن ہوگا لیکن پہلے انصاف ہوگا، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا، ترازو کے دونوں پلڑے برابر کیے جائیں گے، نواز شریف سے ناانصافیوں کا ازالہ ہوگا، ان کی غلط سزائیں ختم ہوں گی، اور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے پھر الیکشن ہوگا، پاناما بنچ کو پہلے سسلین مافیا اور گاڈ فادر کے القابات واپس لینے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال کا ذمہ دار پاناما بنچ اور اسے بنوانے والے ہیں، آئی ایم ایف کے ہاتھوں ملک گروی ہے، کیا عمران خان کو گند ڈالنے اور نواز شریف کو اس کی صفائی کیلیے رکھا ہے؟
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی سامنے کھڑی ہے، عمران خان کی بیٹی کدھر ہے؟ پہلی بار کسی وزیراعظم نے اتنا جھوٹ بولا اور اپنی اولاد تک چھائی۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے بہت سی پیشیاں بھگتیں، عمران خان بھی بھگتے گا، پہلے عمران خان کی بھی دو سو پیشیاں ہوں گی پھر الیکشن ہوگا، پہلے ووٹ کو عزت دو کا انصاف ہوگا پھر الیکشن ہوگا، آج انصاف کردو پھر کل اس ملک میں الیکشن کرادو ہمیں کوئی خطر نہیں لیکن ہمیں پہلے انصاف چاہیے، عدلیہ کا جو معیار نواز شریف کے لیے تھا وہی عمران خان کے لیے چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب زمین والے ناانصافی کرتے ہیں تو آسمان کا نظام انصاف حرکت میں آجاتا ہے، آج کہا ہے جنرل (ر) فیض؟ کہاں ہے جسٹس (ر) کھوسہ اور کہاں ہے وہ ڈیم والا بابا جسٹس (ر) ثاقب نثار؟ یہ تو سارے بے نقاب ہوگئے لیکن وہ جو حاضر سروس ججز ہیں وہ بھی بے نقاب ہوگئے، آڈیو لیکس میں سامنے آیا کہ عمران خان نے اپنے سہولت کاروں سے مل کر بینچ فکسنگ کی جس کا بھانڈا بیچ چوراہے پر پھوٹ چکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جن لوگوں نے تمہیں کندھے پر بٹھایا ہوا تھا وہ اسٹیبلشمنٹ گھر کو جاچکی اور اللہ کو پیاری ہوچکی اور اب جن ججز کے کندھے پر بیٹھ کر تم دوبارہ آنے کی تیاری کررہے ہو وہ کندھے نہیں رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فیض حمید چکوال میں بیٹھ کر آج بھی سازشوں کے تانے بانے جوڑ رہا ہے۔

شیئر کریں

Top