لانگ مارچ میں شرکت،امجدکی قیادت میں پی پی کاقافلہ اسلام آباد روانہ

g8-1.jpg

گلگت (سپیشل رپورٹر)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری لانگ مارچ میں شرکت کے لئے گلگت بلتستان کا قافلہ صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان و قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کی قیادت میں گلگت سے راولپنڈی/ اسلام آباد روانہ۔ روانگی سے قبل پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیازی سرکار کی آخری سیاسی رسومات آٹھ مارچ کو ڈی چوک اسلام آباد میں ادا کی جائیں گی۔ نیازی سرکار نے اب تک عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔ پورے پاکستان سے لاکھوں عوام تحریک انصاف کی گرتی ہوئی دیوار کو فیصلہ کن دھکا دیں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قوم کو مہنگائی مافیا کے ظلم و ستم سے نجات دلائیں گے۔ عمران نیازی کی حکومت کے یہ ساڑے تین سال پاکستان کی تاریخ کی بدترین مثال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان کی طرح گلگت بلتستان سے بھی ہزاروں افراد کا قافلہ کمر توڑ مہنگائی اور نیازی سرکار کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اسلام آباد روانہ ہو چکا ہے۔ پیپلزپارٹی عوامی طاقت سے قوم کو ان ظالم و جابر کٹھ پتلیوں سے نجات دلانے نکلی ہے۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے قافلے میں صوبائی سینئر نائب صدر جمیل احمد، صوبائی جنرل سکریٹری انجینئر اسماعیل، صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش، رکن گلگت بلتستان اسمبلی غلام شہزاد آغا ، سینئر رہنما محمد موسی، سینئر رہنما محمد علی اختر، سینئر رہنما محمد جعفر، سمیت دیگر سینئر رہنما۔ ڈویژنل، ضلعی اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداران سمیت ہزاروں کارکنان شریک ہیں۔اس موقعے پر چلاس میں پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی نائب صدر بشیر احمد سمیت دیگر رہنماں نے قافلے کا پرتپاک استقبال کیا جہاں پر پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے پرجوش خطاب کیا اور قافلہ روانہ ہو گیا۔

شیئر کریں

Top