میکسیکو؛ ہوٹل میں مسلح افراد کی فائرنگ، 11 ہلاک

2326313-attack-1653399899-443-640x480-1.jpg

میکسیکو سٹی: لاطینی امریکا کے ملک میں مسلح افراد نے ہوٹل میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی ریاست گوانجواٹو کے شہر سیلایا کے ایک ہوٹل میں 15 کے قریب افراد گُھسے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
پیر کے شب پیش آنے والے فائرنگ کے افسوس ناک واقعے کے نتیجے میں 11 ہلاکتوں اور 5 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ قتل عام مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوا اور ہوٹل میں موجود مہمانوں اور ملازمین پر 50 سے زائد گولیاں چلائیں۔
مقامی حکام نے بتایا کہ فائرنگ کی جگہ سے قریب موجود دکانیں بھی جل گئیں اور مبینہ طور خود ساختہ بموں سے ان کو نقصان بھی پہنچا۔
جب ایجنسیاں ہوٹل میں داخل ہوئیں تو انہیں چار لوگوں کی لاشیں ملیں اور مزید چھان بین کرنے پر انہیں مزید چھ افراد کی لاشیں ملیں۔
مقامیوں نے پیر کی شب ہونے والے قتل عام میں کم از کم 30 دھماکوں کی آوازوں کی تصدیق کی۔
اطراف کے رہائیشیوں نے بتایا کہ ہوٹل کے باہر کی جانب مبینہ طور پر ایک کارڈ بورڈ آویزاں تھا جس پر درج پیغام مبینہ طور پر منظم مجرمانہ گروہوں سے منسوب تھا۔
سیلایا کی شہری سیکیورٹی کے سیکریٹری اِگناشیو رِیورا واقعے کے بعد جائے وقوع پر پہنچے جہاں وہ دیگر افسران کے ساتھ ابتدائی تحقیقات میں شامل ہوگئے۔

شیئر کریں

Top